پی ایس ایل کے موقع پر کراچی کو اسپورٹس سٹی بنایا جائیگا، کمشنر

پی ایس ایل کے موقع پر کراچی کو اسپورٹس سٹی بنایا جائیگا، کمشنر

کراچی (این این آئی) کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے کہا ہے کہ کراچی دنیا کے لئے کھیلوں کا محفوظ ترین شہر ہے، پی ایس ایل کے موقع پر شہر کراچی کو اسپورٹس سٹی بنا یا جائیگا ،کھیل اور کھلاڑیوں کے مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے شہر قائد میں کھیلوں کے تمام میدانوں کا فعال بنا رہے ہیں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی جنوبی اور کیماڑی کے کھیلوں کے میدانوں کے دورے کے بعد پیپلز فٹ بال اسٹیڈیم لیاری پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رینجرز کے افسران بھی موجود تھے جن میں کرنل شفقت جیلانی ،اسسٹنٹ کمشنر لیاری عبدالکریم میمن ،اسسٹنٹ کمشنر گارڈن امتیاز محسن ، اسپورٹس کوآرڈی نیٹر ٹو کمشنر کراچی غلام محمد خان ، اسپورٹس آرگنائزر جمیل ہوت، ناصر کریم ، دوست محمد بلوچ اور دیگر شامل تھے۔

صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کمشنر کراچی نے کہا کہ شہر کراچی کے تمام علاقوں میں کھیلوں کے میدانوں پر قائم تجاوزات ،غیر قانونی تعمیرات اور اسے تجارتی استعمال میں لانے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا، میدانوں کو صرف کھیلوں کی سرگرمیوں کے لئے استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے بتا یا کہ پی ایس ایل کے موقع پر شہر کراچی کو اسپورٹس سٹی بنایا جائیگا، پورے شہر کو خوبصورتی کے ساتھ سجایا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ شہر کراچی کے عوام امن اور کھیلوں سے محبت رکھتے ہیں، ان شا اللہ کراچی کے شہری جوش و جذبے کے ساتھ بین الاقوامی کرکٹرز کا استقبال کرینگے ۔ کمشنر کراچی اقبال میمن نے کہاکہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور چیف سیکریٹری سید ممتاز علی شاہ کے احکامات پر شہر میں کھیلوں کے فروغ اور میدانوں کی تعمیر و ترقی تیزی کے ساتھ یقینی بنائی جارہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ فٹ بال دنیا کے مقبول کھیلوں میں نمایاں مقام رکھا ہے، فٹ بال کی بھر پور پذیرائی کروں گا۔ انہوں نے کہاکہ 5 فروری فٹ بال کھیل کے لئے شہر کراچی کا تاریخی دن ہوگا، اس دن فٹ بال اور کھلاڑیوں کے لئے اہم اعلان کیا جائیگا۔ اس موقع پر انہوں نے کے ایم سی کے سینئر ڈائریکٹر سی ایس آر سیف عباس سے کے ایم سی فٹ بال اسٹیڈیم اور پیپلز اسپورٹس کمپلیکس لیاری سے متعلق معلومات لیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں