کورونا ایس اوپیز، شادی اور ولیمے کی متعدد تقریبات متاثر

کورونا ایس اوپیز، شادی اور ولیمے کی متعدد تقریبات متاثر

کراچی (رپورٹ: عابد حسین) شہری انتظامیہ کی جانب سے کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کے احکامات کے بعد شہر قائد میں شادی اور ولیمے کی متعدد تقریبات متاثر ہوگئیں۔

 شہریوں نے ہنگامی بنیادوں پر کھلے میدانوں اور گلیوں میں ٹینٹ لگواکر متبادل انتظامات کیے جبکہ بعض خاندانوں نے متبادل مقامات کا انتظام نہ ہونے پر تقریب ملتوی کردی۔ تفصیلات کے مطابق شادی ہال منتظمین نے بتایا کہ اتوار کو متعلقہ تھانوں سے پولیس موبائلوں نے آکر شادی ہال کے دفاتر میں موجود عملے سے کہا کہ 24 جنوری سے کوئی تقریب بند شادی ہال (بینکوئٹ) میں نہ ہوں، البتہ کھلے شادی ہال اور میدانوں میں 300 افراد کے ساتھ تقریبات کرنے کی اجازت ہو گی۔

شہریوں کے مطابق ایس او پیز پر اچانک عمل درآمد کے احکامات سے ان کی تقریبات شدید متاثر ہوئی ہیں اور افراتفری کے باعث تمام مہمانوں کو جگہ کی تبدیلی سے بھی آگاہ نہیں کیا جا سکا ہے۔ واضح رہے کہ کراچی میں تقریباً 30 فیصد شادی ہال اب بینکوئٹ میں تبدیل ہوچکے ہیں۔ دریں اثنا میرج ہال ایسوسی ایشن کے صدر رانا رئیس نے دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیر تا جمعرات تقریبات کی شرح کم ہوتی ہے، اس لیے زیادہ تر تقریبات آسانی سے فارم ہاؤسز اور گلیوں میں منتقل ہو گئی ہیں۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں