ریفائنریاں بند ،غیرملکی کمپنیاں اربوں اینٹھ رہی ہیں،جسٹس وجیہ

 ریفائنریاں بند ،غیرملکی کمپنیاں اربوں اینٹھ رہی ہیں،جسٹس وجیہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان قومی اتحاد کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ وجیہ الدین احمدنے کہا ہے کہ ملکی آئل ریفائنریاں بند پڑی ہیں، جبکہ غیر ملکی کمپنیاں ڈیوٹی فری پٹرول درآمد کرکے اربوں روپے اینٹھ رہی ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ شاید کوئی دن مشکل گزرتا ہوگا کہ نئے نئے ہوش ربا انکشافات اس قوم کو برداشت کرنے نہ پڑتے ہوں۔ پچھلے دنوں جو درآمدی بل میں کمر توڑ اضافہ ہوا اس میں تقریباً 83 فیصد پٹرولیم مصنوعات سے متعلق تھا، جبکہ ہماری 5 میں سے 3 آئل ریفائنریاں پچھلے دو ہفتوں سے شٹ ڈاؤن کا شکار رہیں۔ شومئی قسمت دیکھئے کہ چین پاکستان فری ٹریڈ ایگریمنٹ کے 2006ء اور 2016ء کے ورژنز میں بلا کسٹم ڈیوٹی چین سے پٹرول درآمد کرنے کی کوئی شق نہ تھی جبکہ موجودہ حکومت نے 2019ء کے اختتام پر 31 دسمبر 2024ء تک چین سے پٹرولیم درآمد کرنے کی مد میں کسٹم ڈیوٹی کا مکمل استثنیٰ جاری کردیا۔

نتیجتاً پچھلے دو سال میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے 2.4 ارب لٹر پٹرول چین سے بلا کسٹم ڈیوٹی درآمد کیا، جس کے نتیجے میں 20 ارب روپے کا ونڈ فال منافع حاصل ہوا اور اس میں بھی سب سے زیادہ یعنی 1.17 ارب لٹر کی درآمد کا فائدہ غیر ملکی آئل کمپنی کے حصے میں آیا، جبکہ ہر قسم کی ڈائریکٹ فارن انویسٹمنٹ پاکستان آتی ہی نہیں ہے، دراصل ہمارے حکمران شاہ سے بڑھ کر شاہ کے وفادار بلکہ اس سلسلے میں سرٹیفائیڈ بھی ہیں۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں