گرین لائن منصوبہ تباہ کرنے کی کوشش کی جا رہی، پی ٹی آئی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) تحریک انصاف کراچی ریجن کے صدر بلال احمد غفار نے کہا ہے کہ گرین لائن منصوبے کی بسوں پر حملے سندھ حکومت اور پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔
ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت گرین لائن کے کامیاب ترین منصوبے کو تباہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ، وزیر اعلیٰ سندھ بتائیں کیا گرین لائن بس سروس کی سیکیورٹی کے لئے بھی فوج سے مدد لینے کی ضرورت ہے؟۔ جاری بیان میں بلال غفار کا مزید کہنا تھا کہ مخالفین کو کراچی کی ترقی ہضم نہیں ہورہی، کراچی کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے والے گرین لائن جیسے بہترین منصوبے کو دیکھ کر بوکھلا گئے ہیں، عوام جانتے ہیں کہ گرین لائن کے بننے میں سب سے زیادہ مخالفت کس نے کی تھی، اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے عوام کے دلوں میں خوف بٹھانے کی سازش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں ایک طرف انسان کی جان و مال محفوظ نہیں تو دوسری جانب عوام کی سہولت کے لئے بنائے جانے والے منصوبوں پر حملے کر کے خوف کی فضا قائم کی جا رہی ہے، سندھ حکومت شہر میں امن قائم کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے، پولیس کے محکمے کو پیپلز پارٹی نے تباہ کردیا ہے ، ہر معاملے میں رینجرز سے مدد طلب کرنا پڑتی ہے ، وزیر اعلیٰ سندھ خود چیمپئن بننے کے بجائے کسی قابل شخص کو صوبے کا وزیر داخلہ لگائیں تاکہ شہر میں امن و امان کی صورتحال پر قابو پایا جا سکے ۔