ضلع وسطی انتظامیہ نے میڈیکل سینٹر دوبارہ سربمہر کر دیا

ضلع وسطی انتظامیہ نے میڈیکل سینٹر دوبارہ سربمہر کر دیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ضلع وسطی انتظامیہ کی جانب سے عوام کی صحت سے کھیلنے والے غیر معیاری میڈیکل سینٹرز اور اتائیوں کے خلاف مسلسل کارروائیاں جاری ہیں۔

 نارتھ ناظم آباد میں سربمہر ہونے کے باوجود آپریشنل رہنے والے شاہ میڈیکل سینٹر کو دوبارہ سیل کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر طحہٰ سلیم کی جانب سے عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف کارروائیوں پر عوام نے اظہار تشکر کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر وسطی طحہٰ سلیم نے گزشتہ دنوں غیر معیاری میڈیکل سینٹرز کے خلاف کارروائی کے دوران مختلف علاقوں میں نجی اسپتال ،کلینکس اور ڈسپینسریوں کو سربمہر کر دیا تھا، ان میں سے ایک نا رتھ ناظم آباد شاہ میڈیکل سینٹر اینڈ جنرل اسپتال ہے، جس کی انتظامیہ نے سرکاری سیل کو چھپانے کے لئے اس پر اشتہار چسپاں کر کے میڈیکل سینٹر کو دوبارہ آپریشنل کر دیا تھا۔

اس غیر قانونی حرکت کی اطلاع پر ڈپٹی کمشنر سینٹرل طحہٰ سلیم نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر II عمران علی راجپوت کے ہمراہ چھاپہ مار کر اسے دوبارہ سربمہر کردیا ۔ واضح رہے کہ ضلعی وسطی انتظامیہ کی جانب سے غیر قانونی میڈیکل سینٹرز، کلینکس اور میڈیکل اسٹورز کے خلاف بھر پور کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ بہت سے ایسے ڈاکٹرز جن کے پاس ایم بی بی ایس یا دیگر ضروری اسناد نہیں اور اتائی جو میڈیکل پریکٹس کرنے کا حق نہیں رکھتے ان کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں