واٹر بورڈ کی کارروائی، 2 غیر قانونی ہائیڈرنٹ مسمار کر دئیے

واٹر بورڈ کی کارروائی، 2 غیر قانونی ہائیڈرنٹ مسمار کر دئیے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی ہدایات پر واٹر بورڈ کے اینٹی تھیفٹ سیل نے کارروائی کرکے ضلع غربی منگھو پیر میں 2 غیر قانونی ہائیڈرنٹ مسمار کر دیے۔

 تفصیلات کے مطابق وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ اور ایم ڈی واٹر بورڈ انجینئر اسداللہ خان کی ہدایات پر اینٹی تھیفٹ سیل اور ایچ ٹی ایم ڈویژن نے مشترکہ آپریشن کرکے ضلع غربی منگھوپیر میں 2 غیر قانونی ہائیڈرنٹ مسمار کر دیے۔ آپریشن اینٹی تھیفٹ سیل کے انچارج عبدالواحد شیخ کی سربراہی میں ہوا۔ آپریشن میں متعلقہ ڈویژن ایچ ٹی ایم کا عملہ بھی موجود تھا۔

انچارج اینٹی تھیفٹ سیل کے مطابق ایک غیر قانونی ہائیڈرنٹ ایم پی آر کالونی میں تھا، جہاں ملزمان نے 66 انچ کی مین لائن سے 4 انچ کا کنکشن لے رکھا تھا، جبکہ دوسرا ہائیڈرنٹ غازی گوٹھ اورنگی ٹاؤن میں تھا، جہاں 24 انچ کی لائن سے 3 انچ کا غیر قانونی کنکشن لگا کر پانی چوری کرکے ٹینکروں کے ذریعے مختلف علاقوں میں فروخت کیا جارہا تھا، دونوں غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے کنکشن منقطع کردئیے گئے۔

کارروائی کے دوران 3 ملزمان گرفتار، ایک ٹریکٹر، ایک ٹینکر، پمپس اور سیکڑوں فٹ پائپ قبضے میں لے کر متعلقہ تھانوں میں جمع کرا دیے گئے ہیں، جبکہ ملوث ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں پانی چوری کے نئے قانون کے تحت مقدمات درج کرا دئیے گئے۔ وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ شہریوں کے حصے کا پانی چوری کرنے والوں کے خلاف آپریشن کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے ملزمان کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں