سندھ بھر میں سات روزہ انسداد پولیو مہم کا آغازہوگیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی سمیت سندھ بھر میں سات روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا، مہم کے دوران صوبے بھر میں 20 اضلاع میں تقریباً58 لاکھ بچوں جبکہ کراچی کے تمام اضلاع میں 20 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
سال 2022 کی پہلی انسداد پولیو مہم کا افتتاح وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے ضلع شرقی میں قائم خالد جمیل اسپتال میں کیا۔ اس موقع پر وزیر صحت سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی میں پولیو کے حوالے سے ہماری ویجیلنس بہت تیز ہے، یہاں ایک سال سے کوئی کیس نہیں آیا، پاکستان میں عالمی معیار کے مطابق پولیو مہم جاری ہے، نجی سیکٹر حکومت سندھ کے ساتھ صحت کی سہولتوں میں معاونت کررہا ہے، یہ ایک اچھا عمل ہے۔
ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے پولیو سندھ کے مطابق سندھ بھر میں سات روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران سندھ کے 20 اضلاع میں تقریباً 58 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ کراچی کے تمام اضلاع میں 20لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ انسداد پولیو مہم 24 جنوری سے 30 جنوری 2022 تک جاری رہے گی۔ یہ سال کی پہلی خصوصی انسداد پولیو مہم ہے جو ملک بھر میں چلائی جارہی ہے۔ اگست 2020 سے لے کر اب تک تقریباً ہر ڈیڑھ ماہ بعد پولیو مہم چلائی گئی ہے، جس کی وجہ سے پولیو کیسز میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔