بچوں کی دیکھ بھال کرنے والوں کیلئے پروگرام کا افتتاح

بچوں کی دیکھ بھال کرنے والوں کیلئے پروگرام کا افتتاح

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے جمعہ کو صوبہ سندھ میں امیونائزیشن کی کم شرح والے اضلاع کے لیے ’’چھوٹی خوشی‘‘ امیونائزیشن انسنٹیو سپورٹ پروگرام کا افتتاح کیا۔ پروگرام کی افتتاحی تقریب کراچی کی خالد جمیل ڈسپنسری میں ہوئی۔

 جہاں وزیر صحت کے ہمراہ سندھ کے توسیعی پروگرام برائے امیونائزیشن (ای پی آئی)، صوبائی محکمہ صحت، یونیسیف، ڈبلیو ایچ او اور صحت عامہ کی دیگر تنظیموں کے نمائندے بھی موجود تھے۔ مشترکہ پروگرام کا مقصد سندھ کے امیونائزیشن کے کم شرح والے اضلاع میں نوزائیدہ سے لے کر 23 ماہ کی عمر کے بچوں کی دیکھ بھال کرنے والوں کو 1200 روپے تک کا موبائل بیلنس فراہم کرنا ہے۔ ان اضلاع میں ایک سال کی مدت کے دوران نوزائیدہ بچوں سے لے کر 23 ماہ کے عمر کے تقریباً 1.2 ملین بچوں کی نگہداشت کرنے والوں کے لیے موبائل بیلنس فراہم کیا جائے گا۔

ایمونائزیشن کیلئے ہر دورے کی تکمیل پر بچوں کی نگہداشت کرنے والوں کو کسی بھی رجسٹرڈ پری پیڈ موبائل نمبر پر 200 روپے دئیے جائیں گے، کیئر گیورز منتخب کردہ اضلاع میں تمام سرکاری اور نجی حفاظتی ٹیکوں کے مراکز پر یہ سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ امیو نائزیشن کے لیے انسنٹیو دینا ایک بہتراور شواہد پر مبنی حکمت عملی ہے، جس سے بچوں کیلئے حفاظتی ٹیکوں کے معمول کو مکمل کرنے کی شرح کو بڑھایا جاسکتا ہے۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں