ناظم جوکھیو کیس میں اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر مقرر کرنیکا مطالبہ

ناظم جوکھیو کیس میں اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر مقرر کرنیکا مطالبہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے ناظم جوکھیو قتل کیس میں فریق بننے کا اعلان کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ جلد سے جلد اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر مقرر کریں۔ ان خیالات کا اظہار ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کی چیئرپرسن انیس ہارون ، جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی مہناز الرحمن، شیریں اسد، ناظم جوکھیو کی بیوہ اور والدہ نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انیس ہارون نے مزید کہا کہ جلد سے جلد ناظم جوکھیو کے اصل قاتلوں کو کیس میں شامل تفتیش کیا جائے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت قاتلوں کی سرپرستی کر رہی ہے، جس کی وجہ سے ابھی تک اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر مقرر نہیں کیا گیا ہے ، پولیس پراسیکیوشن 8 جنوری کو حتمی چالان پیش کر چکی ہے، لیکن اسپیشل پراسیکیوٹر مقرر نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ناظم جوکھیو کی بیوہ، ان کی والدہ اور گوٹھ والے قاتل وڈیرے سے خوفزدہ ہیں، فوری طور پر قاتل وڈیرے کو شامل تفتیش کیا جائے ۔ اس موقع پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی مہناز الرحمن اور دیگر نے ناظم جوکھیو کی بیوہ ،والدہ اور دیگر فیملی کے ارکان کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر ناظم جوکھیو کی والدہ نے کہا کہ قاتلوں کو فوری کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں