تعلیمی ادارے نوجوانوں کو ہنرمند بنانے پر توجہ دیں، صدر مملکت

تعلیمی ادارے نوجوانوں کو ہنرمند بنانے پر توجہ دیں، صدر مملکت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تعلیمی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے پر توجہ دیں تاکہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔ یہ بات انہوں نے پیر کو یہاں اقرا یونیورسٹی کے 19 ویں جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

صدر مملکت عارف علوی نے فنی تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہماری تعلیم کے اہم اجزا میں ہماری نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو نکھارنے کی منطقی سوچ اور کمیونی کیشن اسکلز کا فروغ ہونا چاہیے۔ انہوں نے ٹیکنالوجی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ 10 سال میں بہت سی چیزیں بدل جائیں گی، دندان سازی کا 80 فیصد علم آن لائن دستیاب ہے ، اس لیے نوجوانوں کو تعلیم دینے کے لیے اس طرح کے ماڈل کو دوسرے مضامین کے لیے بھی اپنایا جا سکتا ہے، 40 سے زائد یونیورسٹیز کے چانسلر ہونے کی حیثیت سے ہائر ایجوکیشن اور یونیورسٹیز کے عہدیداروں سے ملاقاتیں کی ہیں اور جدید تعلیم کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ علاوہ ازیں گورنر ہاؤس کراچی میں پاکستانی برانڈز کے فروغ کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مقامی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے ثقافتی و روایتی برانڈز کو فروغ دینے کے لیے تعلیمی شعبہ، صنعت اور مارکیٹ کے درمیان روابط کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں اپنی دستکاریوں کو ہر سطح پر فروغ دینے کے لیے ایک منظم انداز میں سوچنا اور مل کر کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں ایک بھرپور ثقافت اور تہذیب ہے، جسے اگر مناسب طریقے سے فروغ دیا جائے تو غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے بڑی کشش کا باعث بن سکتی ہے۔ انہوں نے مقامی برانڈز کے لیے اندرونی مارکیٹوں کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ بڑے شہروں میں ایک مستند جامع ڈائریکٹری اور ڈسپلے سینٹرز بنا کر اپنی دستکاریوں کو دستاویزی شکل دینی چاہیے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں