پی ایس ایل 7 میچز کے حوالے سے سیکیورٹی انتظامات مکمل
کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل 7 میچز کے حوالے سے سیکیورٹی کوآرڈی نیشن اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد نے کی۔
کمانڈنٹ ایس ایس یو ذیشان شفیق صدیقی، ڈپٹی کمشنر ایسٹ آصف جان، پاک آرمی سے کرنل شکر زئی، ایس ایس پی ایسٹ قمر رضا جسکانی، رینجرز اور پی سی بی کے حکام سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز نے اجلاس میں شرکت کی۔ کمانڈنٹ ایس ایس یو ذیشان شفیق صدیقی نے شرکا کو سیکیورٹی انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی کہ سیکیورٹی ڈویژن کے اہلکار جن میں ایس ایس یو کمانڈوز، ڈسٹرکٹ پولیس، ٹریفک پولیس،اسپیشل برانچ، سندھ رینجرز، فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار نیشنل اسٹیڈیم کراچی، کراچی ائرپورٹ، راستوں، ہوٹلوں، پریکٹس گراؤنڈز اور دیگر مختلف علاقوں میں سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے جبکہ حساس مقامات پر ماہر نشانہ بازبھی تعینات کیے جائیں گے، سر شاہ سلیمان روڈ کے ایک ٹریک کے علاوہ تمام سڑکیں عوام کی سہولت کے لیے کھلی رہیں گی۔
تماشائیوں کو پارکنگ پوائنٹس سے اسٹیڈیم تک شٹل سروس کے ذریعے پہنچایا جائے گا، نیشنل اسٹیڈیم آنے والے شائقین کے لیے حکیم سعید گراؤنڈ نزد بیت المکرم مسجد یونیورسٹی روڈ، نیشنل کوچنگ سینٹر سے ملحقہ چائنا گراؤنڈ (صرف وی آئی پیز کے لیے ) پارکنگ پوائنٹس مختص کیے گئے ہیں۔ اسٹیڈیم کے اندر سی این جی سلنڈر نصب گاڑیوں کے داخلے پر سخت پابندی ہے، 12 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے کوویڈ 19 ویکسی نیشن لازمی ہے، اسٹیڈیم میں داخلے سے پہلے شائقین کو ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہو گا، اسٹیڈیم میں داخلے کے وقت ماسک پہننا لازمی ہے۔