تبلیغی اجتماع آج شروع ہو گا، قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری

تبلیغی اجتماع آج شروع ہو گا، قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری

کراچی (اسٹاف رپورٹر) عالمی تبلیغی جماعت کے منگھو پیر میں اجتماع کا باقاعدہ آغاز جمعرات کو (آج) بعد نماز عصر ہو گا۔

لیکن لوگوں کی آمد کا سلسلہ بدھ سے ہی شروع ہوگیا تھا۔ رات گئے قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری تھا۔ اجتماع گاہ میں بیک وقت 5 ہزار سے زائد افراد کے وضو کرنے کے لئے 20 سے 30 مقامات پر وضو خانے بنائے گئے ہیں ، 40 ہزار سے زائد رضا کار سیکیورٹی انجام دے رہے ہیں۔ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں شرکا کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ عالمی تبلیغی جماعت کا صوبائی سالانہ 3 روزہ اجتماع جمعرات کو(آج) بعد نماز عصر شروع ہو گا اور اتوار کو صبح تک جاری رہے گا۔

120 ایکڑ سے زائد رقبے پر مشتمل اجتماع گاہ منگھو پیر یوسی 4 مائی گاڑی سے شروع ہو کر اورنگی ٹائون گلشن بہار تک پھیلی ہوئی ہے ، جس میں شرکا تک بیانات کی آواز پہنچانے کے لئے ہزاروں لائوڈ اسپیکر لگائے گئے ہیں، جبکہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی صورت میں اسٹینڈ بائی جنریٹر بھی رکھا گیا ہے ۔ اجتماع گاہ میں شرکا کی رہنمائی کے لئے بڑے بڑے نقشے آویزاں کئے گئے ہیں، جس کے ذریعے کوئی بھی شخص باآسانی اپنے حلقے تک پہنچ سکتا ہے ، جبکہ اس کے علاوہ اجتماع گاہ کا اندونی نظام سنبھالنے کے لئے تبلیغی جماعت سے وابستہ 40 ہزار رضا کاروں کی جانب سے 3 شفٹوں میں ڈیوٹیاں انجام دینے کی تیاری کی گئی ہے ۔ اجتماع گاہ میں ایک ہزار سے زائد ٹینٹ لگائے گئے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں