رشتہ کا تنازع، لڑکے کے والد کی انگلی دانتوں سے کاٹ دی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) اورنگی ٹاؤن میں پسند کی شادی کے تنازع پر لڑکی کے باپ نے جھگڑے کے دوران دانتوں سے لڑکے کے والد کی انگلی کاٹ دی۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایس پی ویسٹ سوہائے عزیز کے مطابق واقعہ پاکستان بازار تھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے 11 گلشن ضیا میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق محنت کش محمد حسین نے پاکستان بازار تھانے میں ایف آئی آر نمبر 82/22 زیر دفعہ 334، 354، 34 درج کرائی ہے۔ مدعی کے مطابق ان کے محلے کی لڑکی نبیلہ مدعی کے بیٹے محمد سلمان کی کلاس فیلو ہے جو اسے پسند کرتی ہے اور اس سے شادی کرنا چاہتی ہے۔ محمد حسین کے مطابق اس سلسلے میں نبیلہ گزشتہ روز ان کے گھر پر آئی اور ان کی اہلیہ سے بات چیت کی اور ان کے بیٹے سے شادی کرانے کی ضد کرنے لگی۔
محمد حسین کے مطابق انہوں نے لڑکی کو سمجھایا۔ مدعی کے مطابق اس دوران لڑکی کا والد ندیم اور چچا علیم وہاں پہنچ گئے ، جنہوں نے ان کے گھر میں گھس کر میری اہلیہ عارفہ اور بیٹے سلمان کو مارنا پیٹنا شروع کر دیا۔ اس دوران اس نے اپنی اہلیہ اور بیٹے کو چھڑانے کی کوشش کی تو ندیم نے اس کے بائیں ہاتھ کی چھوٹی انگلی دانتوں سے کاٹ دی۔ ملزم نے اس شدت انگلی کاٹی کہ ہاتھ سے علیحدہ ہو گئی۔ پولیس نے ایف آئی آر درج کر کے ندیم اور علیم کو گرفتار کر لیا ہے۔