مختلف ریلیوں اور عوام کے احتجاج کے باعث سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام
کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں دو مختلف ریلیوں اور ہاکس بے روڈ پر عوام کی جانب سے احتجاج کے باعث سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا اورگاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
لسبیلہ چوک سے نکالی جانیوالی ریلی کے باعث ناظم آباد ،پاک کالونی، گارڈن، گرومندر، تین ہٹی اور ایم اے جناح روڈ پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، جبکہ شارع فیصل پر ریلی کے باعث شارع فیصل ،کارساز، شہید ملت روڈ ،بلوچ کالونی،کورنگی سمیت اطراف کے علاقوں میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، جس کے باعث شہریوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا اور لوگوں نے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کیا۔
علاوہ ازیں ہاکس بے روڈ پر دوگروپوں کے درمیان دکان کے تنازع پر ایک گروپ جس میں خواتین کی بڑی تعداد بھی شامل تھی مین ہاکس بے روڈپر دھر نا دیدیا، جس کے باعث ماڑی پور روڈ اور اطراف کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔