کٹس کی تعداد میں کمی، سرکاری لیبارٹریز میں کورونا ٹیسٹ کا عمل بھی متاثر
کراچی (رپورٹ: کفیل الدین فیضان) کورونا وائرس کی شرح میں دن بدن اضافے کے باوجود ویکسی نیشن کا عمل سست روی کا شکار ہے جبکہ ویکسی نیشن کرانے والی بعض سرکاری لیبارٹریز میں بھی چوبیس گھنٹے کے بجائے 12گھنٹے کی جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت سندھ کی جانب سے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کم کئے جارہے ہیں ،جس کی وجہ ٹیسٹنگ کٹس کی کمی ہے۔ ذرائع کے مطابق بعض سرکاری لیبارٹریز کو کٹس کی تعداد کم دی جارہی ہے، جس کی بنا پر ٹیسٹ کا عمل متاثر ہورہا ہے۔ شہر کراچی میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 40.91 فیصد ہو گئی ہے۔ کراچی میں گزشتہ روز 3769 ٹیسٹ کیے گئے، 1542 لوگوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی تھی ۔
اس لحاط سے سندھ بھر میں گزشتہ روز لاہور سے بھی کم ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ محکمہ صحت کے حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ کراچی میں اکثر سرکاری لیبارٹریاں کورونا کے ٹیسٹ نہیں کر رہی ہیں۔ دوسری جانب کراچی میں کورونا کیسز بڑھنے کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ میں ایس اوپیز کی سر عام خلاف ورزی کی جا رہی ہے ، گرین لائن بسوں میں سفر کرنے والوں میں سے اکثر ماسک تک پہننے کو تیار نہیں ہیں۔ اس حوالے سے جناح اسپتال کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسپتال میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسی نیشن جاری ہے۔ ترجمان جناح اسپتال کراچی نے کہاکہ اسپتال میں 24 گھنٹے ویکسی نیشن کا مرحلہ جاری ہے اور روزانہ ہزاروں افراد کو مفت ویکسین لگائی جا رہی ہے۔