حکومت سندھ کو دو ہفتے میں پنشنری واجبات کا مسئلہ حل کرنے کا حکم

حکومت سندھ کو دو ہفتے میں پنشنری واجبات کا مسئلہ حل کرنے کا حکم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ میں جسٹس سید حسن اظہر رضوی اور جسٹس راشدہ اسد پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کے ایم سی، ڈی ایم سیز کے 7 ہزار ریٹائرڈ اور مرحوم ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کیلئے 8 مختلف آئینی درخواستوں کی سماعت کی۔

درخواست گزاروں کے وکلا نے عدالت کو بتایا کہ یہ کیسز نومبر 2020 کے عدالت کے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث التوا کا شکار ہیں ، سمری منظوری کیلئے وزیراعلیٰ سندھ کو بھیجی گئی تھی لیکن حکومتی وکلا مقدمے کو مسلسل الجھا رہے ہیں اور تاخیری حربے استعمال کیے جارہے ہیں۔

جسٹس سید حسن اظہر رضوی نے کے ایم سی کے وکیل سے پوچھا کہ ان کے پاس ریٹائرڈ ملازمین کا ڈیٹا موجود ہے؟۔ جس پر وکیل نے بتایا کہ ہمارا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ ہے اور ڈیٹا حکومت کو دے چکے ہیں۔ عدالت نے انہیں مکمل ڈیٹا عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت اور حکومت سندھ کو دو ہفتے میں پنشنری واجبات کا مسئلہ حل کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت دو ہفتے کیلئے ملتوی کر دی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں