اردو کو ڈیجیٹل دنیا سے روشناس کرانے کے لیے معاہدہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) انجمن ترقی اردو پاکستان اور جامعہ این ای ڈی کے درمیان اردو کو ڈیجیٹل دنیا (او سی آر) سے روشناس کرانے کی بابت مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب جامعہ این ای ڈی میں منعقد ہوئی۔
اس موقع پر مہمان خصوصی سیکریٹری ایچ ای سی سندھ معین صدیقی نے کہا کہ یہ صرف اردو کی بقا کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ اس کے ذریعے طلبا کو علم کے حصول میں آسانیاں پیدا ہوں گی اور دنیا بھر میں اردو بولنے والوں کے لیے بھی زبان سیکھنے کے بہترین مواقع میسر آئیں گے۔ صدر انجمن واجد جواد نے آپٹیکل کریکٹر ریکوگنائزیشن (او سی آر) کی اہمیت اور افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج تک اردو کو ڈیجیٹل زبان بنانے کے لیے جتنا بھی کام ہوا ہے وہ عالمی معیار کا نہیں ہے۔
دوسری ترقی یافتہ زبانوں کی طرح اس سافٹ ویئر پراردو ترجمے کی درستگی کا تناسب 100 فیصد تک کر دیا جائے گا، انجمن ترقی اردو پاکستان کا یہ مقصد ہے کہ اردو کو ڈیجیٹل دنیا سے رو شناس کرائیں تاکہ ہر خواندہ اور نا خواندہ شخص اس سافٹ ویئر کے ذریعے اپنے مطلوبہ مواد کا حصول یقینی بنا سکے۔ اس موقع پر شیخ الجامعہ این ای ڈی ڈاکٹر سروش لودھی نے کہا کہ او سی آر کے ذریعے اردو کی ترویج پر کام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔