انفرا اسٹرکچر کی ترقی کیلئے کام شروع کر دیا، ایڈمنسٹریٹر کراچی
کراچی (این این آئی) ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ امن و امان کے مسئلے کو حل کرنے کے بعد انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ پر کام شروع کر دیا ہے، شہر کے منفی امیج کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔
ماضی میں پارکوں اور دیگر تفریحی مقامات کو نظرانداز کیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کی صبح سفاری پارک میں کلک کے تحت پبلک اسپیس کے بہتر استعمال کے موضوع پر منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے مزید کہا کہ سفاری پارک اور چڑیا گھر شہر کا اثاثہ ہیں، لوگوں کو انہیں استعمال کرنا چاہئے۔
کراچی میں متعدد پبلک مقامات شہریوں کے لئے بنائے گئے، مگر معاشرے میں بگاڑ آنے کی وجہ سے یہ کھلے اور پرفضا مقامات عوام کی نظروں سے اوجھل ہوگئے ، آج بھی یہ تمام سہولتیں دستیاب ہیں، صرف احساس کی کمی ہے، ہمیں بطور معاشرہ ان عوامی مقامات کی حفاظت اور دیکھ بھال کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ شہری انتظامیہ اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے اور شہریوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کراچی میں مزید کھلی جگہیں فراہم کر رہے ہیں۔
تاکہ لوگ یہاں اپنی فیملی کے ساتھ آئیں اور خوشگوار لمحات گزار سکیں۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کراچی والے خود یہ فیصلہ کریں کہ انہیں عوامی تفریحی مقامات پر کس قسم کی سہولتیں درکار ہیں اور حکام بالا کو اس سے آگاہ کریں، ہماری خواہش ہے کہ پارکس اور تفریحی مقامات کو لوگوں کے لئے پرکشش اور با سہولت بنائیں۔