سندھ ہائیکورٹ نے صنعتی پلاٹس الاٹمنٹ کی پالیسی طلب کرلی

سندھ ہائیکورٹ نے صنعتی پلاٹس الاٹمنٹ کی پالیسی طلب کرلی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے ماڑی پور میں دو ایکڑ اراضی صنعتی مقاصد کے لئے دینے سے متعلق صوبائی حکومت سے پالیسی طلب کرلی۔

جسٹس سید حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں بینچ کے روبرو ماڑی پور میں دو ایکڑ اراضی صنعتی مقاصد کے لیے دینے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے صوبائی حکومت سے پالیسی طلب کر لی۔ جسٹس سید حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیئے بتایا جائے صنعتی پلاٹس الاٹ کرنے سے متعلق کیا پالیسی ہے؟ دیکھنا ہوگا حکومت زمینیں آنکھیں کھول کر دے رہی ہے یا بند کرکے، ماڑی پور میں کون سی انڈسٹری لگائی جا رہی ہے ؟ دیکھنا ہوگا وہاں صنعت لگ بھی سکتی ہے یا نہیں۔

انتہائی قیمتی اراضی صنعت کے نام پر الاٹ کی جاتی ہے ، پھر صنعتی اراضی کو رہائشی اور کمرشل میں تبدیل کرکے فلیٹ بنائے جاتے ہیں، قومی خزانے کو اس عمل سے کیا فائدہ پہنچایا جاتا ہے، سہراب گوٹھ ٹول پلازہ تک جا پہنچا ہے، اسٹیٹ کو کیا فائدہ پہنچایا جا رہا ہے۔ درخوست گزار حاجی معصم آئندہ سماعت پر عدالت کو مطمئن کرے، بتایا جائے صنعتی شعبے میں ان کی کیا خدمات ہیں۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر متعلقہ حکام سے ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔علاوہ ازیں سندھ ہائی کورٹ نے گلستان جوہر بلاک 15 میں کھیل کے میدان پر قبضے سے متعلق درخواست پر درخواست گزار کے وکیل حیدر امام رضوی کو آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنانے کا حکم دیدیا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں