لیاری کے فٹبال کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی تربیت دینگے ، کمشنر
کراچی(اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے کہا ہے کہ لیاری پا کستان میں فٹ بال کی سب سے بڑی نرسری ہے ۔
لیاری کے نوجوانوں کو فٹ بال کے لئے عالمی معیار کی تربیت فراہم کی جائے گی، جس کیلئے انٹرنیشنل کوچ کا تعاون حاصل کیا ہے، اس حوالے سے سونڈن ٹاؤن فٹبال کلب کے وائس چیئرمین زیویر آسٹن کے اشتراک سے تربیتی پروگرام منعقد کئے جائیں گے ۔ وہ لیاری میں ملک فیاض فٹ بال اسٹیڈیم پر برطانوی فٹبال ٹیم کے سابق کپتان و دنیائے فٹبال کے نامور کھلاڑی مائیکل اوون کو کراچی کے شہریوں کی جانب سے یادی گاری شیلڈ دینے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔
اس موقع پر کوچ ناصر کریم بلوچ، جمیل ہوت، دوست محمد بلوچ ، غلام محمد خان، منور مقامی و بین الاقوامی کھلاڑی بھی موجو د تھے ۔ کمشنر کراچی نے اعلان کیا کہ5 فروری کو کے پی ٹی اسٹیڈیم میں دوستانہ فٹ بال میچ شام ساڑھے چار بجے انڈر 16 کھلاڑیوں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اس موقع پر دنیائے فٹ بال کے نا مور کھلاڑی مائیکل اوون نے لیاری کے نوجوانوں کو فٹبال کے فروغ کے لئے اپنی جانب سے ہر ممکنہ تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
مائیکل اوون نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں آئندہ ہونے والی فٹبال لیگ میں ان کا بھرپور تعاون ہوگا، میں دنیا کی تمام کھیلوں کی ٹیموں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ پاکستان محفوظ ملک ہے اور یہاں کے عوام کھیل و کھلاڑیوں سے محبت کرتے ہیں۔