کراچی کی بہتری کیلئے ہرایک اپنے حصے کاکام کرے ،گورنر
کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ کراچی کے گلی محلوں سمیت ہر چیز کا نیٹ ورک بہتر بنانا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمن، ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سی ایسٹ سید شکیل احمد، میونسپل کمشنر فہیم خان ودیگر کے ہمراہ عباس ٹاؤن میں ترقیاتی کاموں کے آغاز کے دوران میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہرایک اپنے حصے کا کام کرے تو کراچی کی بہتری یقینی ہے ۔
میڈیا کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر ایک کا گورنر ہوں، جہاں میری ضرورت ہوگی اپنا کردار ادا کروں گا، بلدیاتی وشہری خدمات کی فراہمی کیلئے ایڈمنسٹریٹر کراچی سمیت ضلعی بلدیات کے ایڈمنسٹریٹرز کے ساتھ ملکر بہتری لا رہے ہیں، کلین وگرین کراچی کے تحت شہر کی شاہراہوں کو خوبصورت بنایا جارہا ہے ۔ پانی، سیوریج، گیس، بجلی ودیگر مسائل کو دور کرنے کیلئے کام کئے جائیں گے ۔ واٹر بورڈ کو پابند کریں گے کہ ہائیڈرنٹس کو پانی مل رہا ہے تو عام صارف کے گھر بھی پانی پہنچنا چاہیے ۔اس موقع پرسید شکیل احمد اورفہیم خان نے عباس ٹاؤن میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ علاوہ ازیں گورنرسندھ سے چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ایم امجد خان نیازی نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں پاک بحریہ کی پروفیشنل مہارت ودیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔