سوئپ پروجیکٹ کے تحت صفائی نظام مزید بہترکیا جائیگا،ناصرشاہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے سوئپ پروجیکٹ کے تحت صفائی کے نظام کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مزید معیاری بنایا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری سید نجم شاہ، منیجنگ ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ زبیر احمد چنہ اور سوئپ پروجیکٹ کی ٹیم کے ہمراہ مراکش کے مطالعاتی دورے کے نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ اور خصوصاً کراچی میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ، سیوریج ٹریٹمنٹ اور ویسٹ ٹو انرجی کے سیکٹر میں سرمایہ کاری کے منافع بخش اور پرکشش مواقع موجود ہیں جبکہ سالڈ ویسٹ کے حوالے سے دنیا کے کئی ممالک کے سرمایہ کاروں نے اس سیکٹر میں خصوصی دلچسپی اور سرمایہ کاری کے لئے رابطہ کیا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سوئپ پروجیکٹ اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے ماہرین پر مشتمل بہترین ٹیم ویسٹ کے حوالے سے اقدامات میں مصروف ہے۔ اس موقع پر مراکش کے نمائندہ وفد نے پاکستانی وفد کو انجینئرڈ لینڈ فل سائٹس، گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن (جی ٹی ایس)، مٹیریل ریکوری کی سہولت (ایم آرایف)،ریفیوز ڈرائیوڈ فیول (آر ڈی ایف) پلانٹ، سڑکوں کی صفائی کے طریقہ کار،جدید مکینیکل سوئپنگ کے نظام کا دورہ کرایا اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کی 15 سالہ کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔