گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ناانصافی، ایم کیوایم

گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ناانصافی، ایم کیوایم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین قومی اسمبلی نے شہر کراچی کو ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت کھنڈرات میں تبدیل کرنے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ بجلی کے ساتھ ساتھ اب گیس کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈ شیڈنگ شہریوں کے ساتھ ظلم و زیادتی اور نا انصافی ہے ، کراچی کے شہری پہلے سے ہی کے الیکٹرک کی جانب سے لوڈ شیڈنگ کا عذاب جھیل رہے ہیں ، جو کے الیکٹرک کی نا اہلی کی بدترین مثال ہے، کے الیکٹرک تمام تر دعووں کے باوجود نہ تو بجلی کی ترسیل کا نظام بہتر کر سکی ہے اور نہ ہی لائن کے نقصانات پر قابو پا سکی ہے ، اب جبکہ کچھ دنوں سے سوئی سدرن گیس کمپنی والوں نے رہی سہی کسر پوری کر دی ہے اور اس مہنگائی میں غریب عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ اراکین صوبائی اسمبلی نے مزید کہا کہ گیس کمپنی کی جانب سے لوڈشیڈنگ خاص طور پر اس وقت کی جاتی ہے جب بچوں سمیت تمام لوگوں کے اسکول اور دفاتر جانے کا وقت ہوتا ہے، وہ بے چارے خالی پیٹ اسکول، کالج اور دفاتر چلے جاتے ہیں، شہری پہلے ہی بجلی پانی جیسی چیزوں سے محروم ہو رہے ہیں، اب ان کے اوپر ایک اور عذاب نازل ہوگیا ہے ، اگر عوام کے جائز مسائل حل نہیں ہوئے تو وہ ان کا محاسبہ خود کرنے لگ جائیں گے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں