چنگ چی رکشہ نہر میں جاگرا،2مسافر ڈوب کر جاں بحق

چنگ چی رکشہ نہر میں جاگرا،2مسافر ڈوب کر جاں بحق

سکھر، اندرون سندھ (بیورو رپورٹ، نمائندگان دنیا) تیز رفتار چنگ چی رکشہ ڈرائیور سے بے قابو ہوکر نہر میں جاگراجس کے باعث 2 مسافر ڈوب کر جاں بحق ہوگئے ۔۔۔

جن کی لاشیں قانونی کارر وائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق میرپورخاص کے قریب جھلوری روڈ کے کنارے گزرنے والی نہر میں چنگ چی رکشہ بے قابو ہوکر گرگیا ، جسکے نتیجے میں چنگ چی میں سوار گاؤں سعید خان لاشاری جانیوالے 45 سالہ محمد خان لاشاری اور 42 سالہ ولی حسین لاشاری ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر علاقہ مکین اور تعلقہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور 3 گھنٹے کی جدوجہد اور تلاش کے بعد لاشیں نہر سے نکال کر اسپتال منتقل کردیں۔ پولیس کے مطابق دونوں افراد کی ہلاکتیں نہر میں ڈوبنے سے ہوئیں۔ سکھر کے پٹنی تھانے کی حدود میں مسلح افراد کی فائرنگ سے دوافراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیاگیا۔اطلاعات کے مطابق سکھر کے پٹنی تھانے کی حدود ریلوے لینس ڈاؤن پل پر مسلح ملزمان نے پنوعاقل سے سکھر آنیوالے موٹر سائیکل سواروں شہزاد گھنیو اور ممتاز کھوسو سے لوٹ مار کی کوشش کی ،اس دوران مزاحمت کرنے پر فائر نگ کرکے دونوں کو زخمی کردیا اور بآ سانی فرار ہوگئے۔ دونوں زخمیوں کو تعلقہ اسپتال روہڑی روانہ کر دیا گیا۔ جامشورو میں گزشتہ روز کوٹری سائٹ پیپر مل سے برآمد ہونے والی کروڑوں روپے کی منشیات کا مقدمہ تاحال درج نہ ہوسکا۔ایس ایچ او نے ایس ایس پی اور ڈی آئی جی کے احکامات کو نظر انداز کر دیا جب کہ جامشورو میں ڈیڑھ ماہ قبل دوران ڈیوٹی مسلح افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونیوالے ہیڈ کانسٹیبل کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کیخلاف ورثا نے المدینہ چوک کوٹری پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں