میرپورخاص،15روز میں ایک درجن موٹرسائیکلیں چوری

میرپورخاص،15روز میں ایک درجن موٹرسائیکلیں چوری

پڈعیدن،اندرون سندھ (بیورو رپورٹ، نمائندگان دنیا )میرپورخاص میں جرائم بے قابو ہوگئے ، جرائم پیشہ عناصر شہرمیں دندناتے پھر رہے ہیں ۔۔۔

جسکے باعث عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق حالیہ وارداتوں میں میرپور خاص کے کرمنلز کے ساتھ اندرون سندھ کے 8 سے زائد جرائم پیشہ گروہ کے بھی ملوث ہونے کا امکان ظاہر کیاجارہاہے ۔تفصیلات کے مطابق گز شتہ 15 دنوں کے دوران میرپورخاص کے مختلف تھانوں کی حدود سے ایک درجن سے زائد موٹر سائیکلیں چوری اور چھین لی گئی ہیں۔الرحیم سٹی کے رہائشی معذور شخص مظفر کا چنگ چی رکشہ چوری کرلیا گیا،غریب آباد تھانے کی حدود دل محمد کالونی میں راجو نامی شخص کی کریانہ کی دکان کا چوروں نے صفایا کردیا ،لکی گیس ایجنسی کے مالک شکیل سے اسلحہ کے زور پرلوٹ مار کی گئی اور مزاحمت پر فائرنگ کرکے زخمی کردیا گیا۔ اسی طرح سیڈ فارم روڈ حمید پورہ کالونی میں عبدالقیوم قریشی کی کریانہ کی دکان میں ڈکیتی کے دوران دکاندار سے نقد رقم اور موبائل فون لوٹ لیا گیا، ٹور آباد مسجد نبی رحمت کے باہر حذیفہ میمن کی موٹر سائیکل چوری کرلی گئی۔ محمدی مسجد نائی پاڑہ کے قریب وقاص نامی شخص سے اسلحہ کے زور پررقم اور قیمتی موبائل فون چھین لیا گیا۔علاوہ ازیں سیٹلائٹ ٹاؤن کے رہائشی سعید ملک اور شریف ملک کے گھر میں لاکھوں روپے مالیت کی ڈکیتی ہوئی جس کے دوران ان کی والدہ پر تشدد بھی کیاگیا ،تاہم واقعے میں ملوث جرائم پیشہ افراد تاحال گرفتار نہیں ہوسکے ۔ کھارپاڑہ میں شانو غوری کے گھر کے باہر کھڑی موٹر سائیکل چور لیکر فرار ہوگئے۔ تھامس آباد میں مقصود احمد کے گھر آئے مہمان طاہر کی موٹرسائیکل بھی چور لے اڑے۔  پڈعیدن سے نمائندے کے مطابق قومی شاہراہ سے متصل کوٹری کبیر روڈ پر واقع ڈاکٹر ذوالفقار علی سومرو کے گھر میں ڈاکو گھس آئے اور اہل خانہ کو یرغمال بناکر ایک لاکھ روپے اور 32 تولے کے سونے کے زیورات لوٹ لیے ، جن کی مالیت تقریباً 62 لاکھ روپے بنتی ہے۔ آخری اطلاعات تک واقعے کا مقدمہ درج نہیں ہو سکا جب کہ بڑھتی ہوئی وارداتوں کے خلاف مکینوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کھپرو میں گزشتہ رات نامعلوم چور کرشن لعل کی موٹرسائیکل اور دیا لوہانا کی دکان کے تالے توڑ کر چاول ،گھی ،صابن سمیت دیگر اشیاء لیکر فرار ہوگئے جبکہ ساجن میگھواڑ کے گھر کے اندر سے پانی کی موٹر بھی چوری ہوگئی۔  ٹنڈوآدم میں ٹنڈوالہ ٰ یار روڈ پر قیصر گوٹھ کے قریب بس اسٹاپ پر مسلح ڈاکوؤں نے گاڑی روک کر مسافروں سے نقدی،زیورات، موبائل فونز و دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں