جرائم کے خلاف پولیس ایکشن مزید سخت بنانے کی ہدایت

جرائم کے خلاف پولیس ایکشن مزید سخت بنانے کی ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کی سربراہی میں کراچی پولیس آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔۔۔

جس میں زونل ڈی آئی جیز، ڈی آئی جی سی آئی اے، ضلعی ایس ایس پیز ، ایس ایس پیز انویسٹی گیشن و دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ تینوں زونل ڈی آئی جیز نے اپنے زونز کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ دوران اجلاس مفرور اور اشتہار ی ملزمان کے خلاف پولیس کارروائیوں پر بھی غور کیا گیا ۔ ایڈیشنل آئی جی نے اس حوالے سے پولیس حکمت عملی اور لائحہ عمل کو مزید ٹھوس و مربوط بنانے کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ انسداد اسٹریٹ کرائمز سمیت منشیات، جوئے اور دیگر سماجی برائیوں کے اڈوں اور ایسے جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف پولیس ایکشن کو مزید سخت اور کامیاب بنایا جائے۔ پولیس چیف نے انٹیلی جنس کلیکشن و شیئرنگ کے عمل کو ہر سطح پر مربوط اور موثر بنانے کی ہدایات جاری کیں اور کہا کہ تمام تھانے اور اضلاع باہمی تعاون سے حساس علاقوں میں کومبنگ آپریشن کے عمل میں تیزی لائیں، چوری شدہ موبائل فونز کی خرید و فروخت کرنے والی مارکیٹوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور ایس او پی کے اطلاق کو یقینی بنایا جائے، موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کی چوریوں کے خلاف سخت اقدامات کئے جائیں۔ پولیس چیف نے ہدایات جاری کیں کہ ایس ایچ اوز اور ایس آئی اوز کو خراب کارکردگی پر نہ صرف معطل کیا جائے بلکہ ان کے خلاف سخت کارروائی بھی عمل میں لائی جائے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں