کراچی مجرموں کے لئے محفوظ آماجگاہ بن چکا، آفاق احمد

کراچی مجرموں کے لئے محفوظ آماجگاہ بن چکا، آفاق احمد

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئر مین آفاق احمد نے شہر میں تیزی سے بڑھتی راہزنی کی وارداتوں اور ان میں ہونے والے قیمتی جانوں کے نقصان پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ منظم سازش کے تحت اسٹریٹ کرائمز کے نام پر مہاجر نوجوانوں کو قتل کیا جا رہا ہے، جسے کسی طور قبول نہیں کیا جا سکتا۔

کورنگی میں راہزنوں کے ہاتھوں ایک اور نوجوان کی ہلاکت کو تمام قوم کیلئے خاموش پیغام قرار دیتے ہوئے آفاق احمد نے مزید کہا کہ پولیس و انتظامیہ مقامی افراد کی جان و آبرو کی حفاظت کیلئے سنجیدہ نہیں، ایسے حالات میں نوجوانوں کو حکومت یا پولیس کی جانب دیکھنے کے بجائے اپنی مدد آپ کے تحت اپنے پیاروں کی حفاظت کیلئے آگے آنا ہوگا تاکہ اپنے لوگوں کو درندگی کا شکار بننے سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کراچی مجرموں کیلئے محفوظ آماجگاہ بن چکا ہے، جہاں نہ صرف ملک بھر سے آئے غیر مقامی افراد مجرمانہ کارروائیوں کے ذریعے معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں بلکہ غیر قانونی تارکین وطن بغیر کسی اندراج کے باآسانی شہر میں داخل ہو کر شہرکے امن کو خوف کی فضا میں تبدیل کررہے ہیں جو ملکی سلامتی کیلئے انتہائی خطرناک ہے۔ انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شہر کو قبائلی علاقہ بننے سے بچانا ہو گا، جس کیلئے شہر میں موجود غیر قانونی تارکین وطن کو مخصوص علاقوں تک محدود رکھنا ہو گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں