آرٹس کونسل کا نوجوانوں کیلئے مفت آئی ٹی ٹریننگ کا اعلان
کراچی (اسٹاف رپورٹر) آرٹس کونسل نوجوانوں کو آئی ٹی کی تربیت دینے کے لئے جلدی انتظام کر رہی ہے۔۔۔
جہاں بین الاقوامی سطح کے ٹرینر کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے یوتھ فیسٹیول کے تیسرے روز نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یوتھ فیسٹیول2023 کے تیسرے روز بھی گہما گہمی کا سلسلہ جاری رہا۔ فیسٹیول میں مختلف کالجز اور یونیورسٹیز کے طلبا و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ محمد احمد شاہ نے مزید کہا کہ پاکستان کو مضبوط اور مستحکم بنانے کے لئے نوجوانوں کی تعلیم وتربیت اور جدید ٹیکنالوجی سکھانا بہت ضروری ہے، آرٹس کونسل نوجوانوں کے لئے آئی ٹی سیکھنے کی سہولتیں مفت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت اقتصادی مشکلات کا شکار ہے، ایک ایک ملین ڈالر کے لئے ہم پریشان ہیں، اس صورت حال سے نکلنے کے لئے نوجوانوں پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے، ہمارے پاس بھارت سے اچھے ذہین نوجوان ہیں، لیکن ان کو بد قسمتی سے مواقع نہیں ملتے۔ انہوں نے کہا کہ میں، اس ملک اور شہر کے لوگ یہ چاہتے ہیں کہ ہم ملک کی ترقی میں حصہ ڈالیں اور نوجوانوں کو ٹریننگ کے لئے کمپیوٹر فراہم کریں، ہم کوشش کریں گے کہ ان کو مفت میں کورس کرائیں، روزگار کمانا مشکل ہے، اس لئے ہم چاہتے ہیں کہ نوجوان گھر بیٹھ کر روزگار کمانا شروع کریں۔