ہم ملک کانہیں سوچتے ،جیسے اعمال ویسے حکمران ہونگے ،گورنر

ہم ملک کانہیں سوچتے ،جیسے اعمال ویسے حکمران ہونگے ،گورنر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ جیسے اعمال ہوں گے ویسے حکمران ہوں گے۔۔

ہم ملک کا نہیں سوچتے اس لیے معاشی اور سیاسی مسائل کا شکار ہیں، اللہ نے ہمیں ہر طرح کے وسائل سے نوازا ہے، ہمیں اپنی سمت کا اندازہ نہیں، پاکستان کا پیغام امن کا پیغام ہے، اس ملک میں بہت کچھ درست کرنے کی ضرورت ہے ، اس کے لیے ہر فرد کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ الدراسات الاسلامیہ گلشن اقبال میں پیغام پاکستان کانفرنس سے خصوصی خطاب میں کیا۔ کانفرنس سے میجر جنرل(ر) غلام قمر، جامعہ الدراسات الاسلامیہ کے مدیرمفتی محمد یوسف کشمیری، ناظم الامور استاد ابو عبداللہ، مجلس وحدت المسلمین کے صدر علامہ صادق جعفری، معہد القرآن الکریم کے مدیر خلیل الرحمن لکھوی، جامعہ الدراسات الاسلامیہ کے استادا بو معاذ حنیف، جامعہ ستاریہ الاسلامیہ کے نائب مدیر مفتی انس مدنی نے بھی خطاب کیا۔ علاوہ ازیں گورنر سندھ نے ترکیہ کے قونصل جنرل سیمل سینگو سے سیلاب متاثرین کے لئے ترکیہ سے آیا ہوا امدادی سامان کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل پر وصول کیا۔ اس موقع پر سیلانی انٹرنیشنل ویلفیئر ٹرسٹ کے سربراہ مولانا بشیر فاروقی بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ ترکیہ سے امدادی سامان کے دو بحری جہاز آئیں گے، جن میں سے بدھ کو آنے والے پہلے بحری جہاز کے ذریعے 864 ٹن امدادی سامان پہنچا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں