سینٹرل جیل کے قریب سلنڈر دھماکے سے آگ بھڑک اٹھی 4 افراد زخمی 2 کاریں تباہ

سینٹرل  جیل  کے  قریب  سلنڈر  دھماکے  سے  آگ  بھڑک  اٹھی   4 افراد  زخمی  2  کاریں  تباہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سینٹرل جیل کے قریب سلنڈر دھماکے سے پھٹنے کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی، جس میں 4 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔۔۔

 جبکہ 2کاریں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔ پولیس کے مطابق آگ نے 4 دکانوں، ایک رہائشی فلیٹ اور 2 کاروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ واقعہ میں 4 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی 3 گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ آتشزدگی کے نتیجے میں جھلس کر زخمی ہونے والے دکان کے ملازمین اور چوکیدار کو سول اسپتال برنس وارڈ منتقل کیا گیا۔ دھماکے کی آواز اتنی زور دار تھی کہ دکان کے اوپر فلیٹوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق مکینک کی دکان میں گیس سلنڈر رکھا تھا، جو زور دار دھماکے سے پھٹا اور آگ بھڑک اٹھی۔ دھماکے کی آواز سن کر بڑی تعداد میں لوگ گھروں سے نکل آئے۔ دکان میں سلنڈر پھٹنے سے لوہے کے ٹکڑے دکان کے اوپر واقع رہائشی فلیٹ اور سڑک کے دوسری طرف آئل کی دکان میں جا گرے، جس سے وہاں بھی آگ لگ گئی۔ آتشزدگی کے وقت حفاظتی اقدامات کے تحت کے الیکٹرک کے عملے کی مدد سے متاثرہ عمارت کی بجلی منقطع کرا دی گئی تھی۔ آگ لگنے کے نتیجے میں مکینک کی دکان کے باہر کھڑی 2 کاریں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔ دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی شناخت 30 سالہ عمران ولد موسیٰ، 29 سالہ عثمان ولد مظہر حسین، 45 سالہ معین ولد جعفر اور 28 سالہ تیمور ولد جمشو کے نام سے کی گئی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں