سندھ ہائیکوٹ : ہیوی ٹریفک سے متعلق قوانین پر عملدرآمد کا حکم

سندھ  ہائیکوٹ  :  ہیوی  ٹریفک  سے  متعلق  قوانین  پر  عملدرآمد  کا  حکم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے ہیوی ٹریفک کے شہر میں داخلے پر پابندی سے متعلق درخواست پر این ایچ اے اور ٹریفک انجینئرنگ بیورو کو فریق بنانے کی ہدایت کردی۔

عدالت نے سیکریٹری لینڈ یوٹیلائزیشن اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سے جواب بھی طلب کرلیا۔ عدالت نے درخواست کی سماعت 21 فروری تک ملتوی کردی۔ بدھ کو سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس عقیل احمد عباسی کی سربراہی میں قائم بینچ کے روبرو درخواست کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے موقع پر ڈی آئی جی ٹریفک و دیگر افسران عدالت میں پیش ہوئے ۔ درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ سن سیٹ بلو ورڈ سے ہیوی ٹریفک کے گزرنے کے خلاف درخواست دائر کی تھی ، اس وقت ڈی آئی جی ٹریفک نے عدالت کو بتایا تھا کہ دو سے تین شہری روزانہ حادثات میں ہلاک ہو رہے ہیں ۔ سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ چیف سیکریٹری سندھ سے عدالت نے ایک تفصیلی جواب مانگا تھا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے جواب نہیں آیا ہے ۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ چیف سیکریٹری سندھ کی جانب سے تفصیلی رپورٹ جمع کرا دی گئی ہے ۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ کیا ہمارے پاس کوئی ٹرانسپورٹ پالیسی ہے ، جب اتنا ہیوی ٹریفک ان سڑکوں پر چلتا ہے کہ یہ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ جاتی ہیں ، ہیوی ٹریفک سے متعلق تمام قوانین موجود ہیں ، ان پر عمل درآمد کرایا جائے ، ہم آرڈر پاس کریں گے قانون کے مطابق پھر کوئی ہڑتال کرے یا جو مرضی کرے ۔ سیکریٹری ٹرانسپورٹ کیا اقدامات کرتے ہیں ؟ ایسے واقعات بھی ہوئے ہیں، روکنے کی کوشش کی تو کچل کر چلے گئے، وہ ٹریفک پولیس اہلکار بھی کسی کا باپ ہے، بیٹا ہے ان کا بھی احساس کرنا چاہئے ، پالیسی بنائیں تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ بٹھا کر تاکہ مسئلہ حل ہو ، لوگوں کو قوانین سے متعلق آگاہی دیں ۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ہیوی ٹریفک کے معاملے پر تجاویز دی گئی ہیں ۔ سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ ہیوی ٹریفک سے متعلق کام ہورہا ہے ، قوانین میں ترمیم بھی تجویز کی ہیں۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ ان پلوں سے جب ہیوی ٹریفک گزرتا ہے پل ہلتے ہیں ، ڈی آئی جی صاحب پلوں پر سے کیسے ہیوی ٹریفک گزرنے کی اجازت دیتے ہیں، ہیوی ٹریفک ہمارے پاس سے بھی گزرتا ہے تو ڈر لگتا ہے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں