عدم برداشت ناسور بن کر ہمارے معاشرے کو کھا رہی ہے، وزیراعلیٰ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کھیل ایک ایسی شاندار سرگرمی ہے جو رواداری کو فروغ دیتی ہے۔۔۔
اور لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لاتی ہے، بالحاظ دیگر عدم برداشت ناسور بن کر ہمارے معاشرے کو کھا رہی ہے۔ یہ بات انہوں نے سید نعمان احسن ڈی جی سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کرکٹ میچ کی این ای ڈی یونیورسٹی گراؤنڈ میں منعقدہ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سروش لودھی، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن طارق رفیع اور دیگر بھی موجود تھے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ دنیا کے مہذب معاشروں نے عدم برداشت کے رویوں کو ترک کردیا ہے اور اسے سخت ناپسند قرار دیا ہے، وہ دلائل اور مکالموں سے ایک دوسرے کو قائل کرتے ہیں، لیکن بدقسمتی سے ہمارے نوجوانوں نے کتابوں کے مطالعے، کھیلوں اور صحت مندانہ سرگرمیوں بشمول مباحثے کے مقابلوں اور اسٹڈی سرکلز میں شرکت کی روایات کو ترک کردیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ نوجوانوں کو یہاں اسپورٹس سرگرمیوں میں کرکٹ کھیلتے ہوئے دیکھ کر خوشی محسوس ہوئی۔