خیرپورمیں راشن ودیگراشیا کے چار ٹرک لوٹ لئے گئے

خیرپورمیں راشن ودیگراشیا کے چار ٹرک لوٹ لئے گئے

خیرپور، اندرون سندھ (نمائندگان دنیا) خیرپور میں آٹا مافیا عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے ۔سندھ حکومت کی جانب سے آٹے کے نرخ 650 روپے کلو سے بڑھاکر 980 روپے کرنے کے باوجود ضلع بھر میں آٹا نایاب ہے۔

مہنگائی اور آٹے کے ستائے کوٹڈیجی کے شہریوں نے نجی سماجی تنظیم کی جانب سے مستحق افراد کیلئے منگوائے گئے راشن گرم کپڑوں اور دیگر سامان سے لدے چار ٹرک لوٹ لئے ۔ محراب پور سے نمائندے کے مطابق نوشہرو فیروزکی وکلا تنظیموں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مستردکرتے ہوئے ڈسٹرکٹ بار نوشہرو فیروز کی اپیل قومی شاہراہ پر دھرنا دیا ، دھرنے سے ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوگئی ،مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پی ڈی ایم کی وفاقی حکومت نے غریبوں سے جینے کا حق چھین لیا ہے ، دوسری طرف تحریک انصاف ، جماعت اسلامی ، پاکستان فلاح پارٹی ،کل جماعتی اتحاد اور دیگر تنظیموں کی جانب سے اتوار کے روز ضلع میں احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے۔ شاہپورچاکر میں قومی عوامی تحریک کی جانب سے مہنگائی اور حکومتی پالیسیوں کے خلاف مین ناکے سے پریس کلب تک ریلی نکال کر شدید نعرے بازی کی گئی ۔احتجاج میں سندھیانی تحریک،پیپلزپارٹی شہید بھٹو،عوامی جمہوری پارٹی، فنکشل مسلم لیگ،اسٹیپ فائونڈیشن،جے ایس او کے کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور کہا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کے کہنے پر ہوشربا مہنگائی کرکے عوام کے منہ سے دو وقت کی روٹی تک چھین لی ہے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں