بلدیہ جنوبی، پبلک سروس کمیشن کا امتحان پاس کیے بغیر افسر گریڈ 18 میں تعینات
کراچی (اسٹاف رپورٹر) محکمہ بلدیات سندھ بلدیہ جنوبی میں پبلک سروس کمیشن کا امتحان پاس کیے بغیر ایک افسر کو گریڈ 18میں تعینات کردیاگیا ۔تقرری پر ڈی ایم سی ساؤتھ کے سینئر افسران نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے افسر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
حیرت انگیز امر یہ ہے کہ افسر نے یہ تعیناتی پبلک سروس کمیشن کا امتحان پاس کیے بغیر حاصل کی ہے۔ ڈی ایم سی ساؤتھ کے افسران نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ مذکورہ افسر ڈی ایم سی ساؤتھ میں گریڈ 18میں کام کر رہے ہیں لیکن وہ اپنی سروس بک کے مطابق گریڈ 17کی تنخواہ لے رہے ہیں۔ ان افسران نے حکومت سندھ سے اپیل کی کہ خلاف ضابطہ تقرری کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دی جائے اور افسر کے خلاف فوری کارروائی کی جائے، اس طرح کی تقرری سے ڈی ایم سی میں تعینات سینئر افسران کی حق تلفی ہو رہی ہے۔