سیپا کی کارروائی، آلودگی پھیلانے پر متعدد کارخانے بند کرا دئیے

سیپا کی کارروائی، آلودگی پھیلانے پر متعدد کارخانے بند کرا دئیے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (سیپا) کی ضلع کیماڑی کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں آلودگی پھیلانے والے کارخانوں کے خلاف کارروائی، متعدد کارخانے بند کرادئیے، جبکہ کم آلودگی پھیلانے والے کارخانوں کو ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 تفصیلات کے مطابق سیپا کے ڈائریکٹر جنرل نعیم احمد مغل نے منگل کو ضلع کیماڑی کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں دھاتیں پگھلانے والے کارخانوں کا دورہ کیا اور موقع پر ہی آلودگی پھیلانے والے کارخانوں کی بندش کے احکامات جاری کئے۔ ڈی جی سیپا ضلع کیماڑی کے ڈپٹی ڈائریکٹر منیر عباسی کے ہمراہ اتحاد ٹاؤن پہنچے تو وہاں متعدد کارخانے دھاتیں پگھلانے کے لیے پرانے ٹائر، پلاسٹک، پرانے جوتے اور کپڑے بطور ایندھن استعمال کرتے ہوئے پائے گئے، جس کے باعث اطراف میں دھویں کے گہرے بادل چھائے ہوئے تھے۔ ڈی جی سیپا نے موقع پر ہی حد سے زیادہ آلودگی پھیلانے اور حفاظتی اقدامات کے بغیر کام کرنے والے کارخانوں کی فوری بندش کے احکامات جاری کیے، جبکہ کم آلودگی پھیلانے والے کارخانوں کو وضاحت دینے کے لیے اپنے دفتر طلب کرلیا۔ ڈی جی سیپا نے موقع پر موجود کارخانہ مالکان اور ملازمین کو متنبہ کیا کہ ماحول دشمن ایندھن کے استعمال پر پابندی ہے، اس لیے آئندہ کوئی بھی یونٹ ایسا کرتا ہوا پایا گیا تو اسے بند کردیا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں