دکھ کی گھڑی میں ترک،شامی بھائیوں کیساتھ، حسین محنتی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے برادر اسلامی ممالک ترکیہ اور شام میں تاریخ کے بدترین زلزلے کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کے ضیاع، لاکھوں افراد کے زخمی اور بھاری مالی نقصان پر افسوس اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے۔
کہ ہولناک زلزلے سے جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی ہے اور ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام اپنے ترک اور شامی بھائیوں کے ساتھ ہیں، جماعت اسلامی اور دیگر تمام سیاسی و دینی جماعتیں اپنے بھائیوں کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے آگے بڑھیں اور امت مسلمہ سمیت عالمی برادری اس مصیبت کی گھڑی میں ترکیہ و شام کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کو تیزکرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زلزلے کی تباہی سے نمٹنے میں ترکیہ کی حکومت اور عوام سے بھرپور تعاون کریں گے، پاکستان میں زلزلہ ہو یا سیلاب مشکل کی ہر گھڑی میں ہمیشہ برادر ملک ترکیہ کی حکومت اور عوام نے ہمارا بھرپور ساتھ دیا ہے، اس ناگہانی مصیبت کی گھڑی میں پاکستانی قوم اپنے بھائیوں کو ہرگز اکیلا نہیں چھوڑے گی اور برادر ملک کے عوام کی ہر ممکن مدد کرے گی، قدرتی آفات اور موسمیاتی تبدیلیوں سے تباہی کے بڑھتے واقعات پوری دنیا کے لئے خطرے کی گھنٹی ہے، ترکیہ اور شام کے بہادر عوام اپنے روایتی عزم اور برداشت سے اس سانحہ کا مقابلہ کریں گے، پاکستانی قوم کی دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔