نجی شعبے کے اسپتال خون چوس لیتے ہیں، وزیراعلیٰ

نجی شعبے کے اسپتال خون چوس لیتے ہیں، وزیراعلیٰ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ نجی شعبے کے اسپتال معیاری علاج تو کرتے ہیں لیکن خون چوس لیتے ہیں۔

 انڈس اسپتال میں بلڈ ٹرانسفیوژن سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈ بینک کے صدر پریشان ہوگئے تھے کہ آپ ساری چیزیں مفت کیوں کرتے ہیں، انڈس اسپتال کیلئے فنڈز دینے والے ڈونرز نہیں پارٹنرز ہیں، جہاں سندھ حکومت کی مدد کی ضرورت ہوگی ہم کریں گے ۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ ہاؤس میں محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے اساتذہ میں تربیتی اسناد کی تقسیم کے حوالے سے منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ تعلیم کسی بھی ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، اس شعبے میں حقیقی ترقی اور مطلوبہ ہدف حاصل کیے بغیر ہم اقوام عالم میں نہ تو زندہ رہ سکتے ہیں اور نہ ہی ترقی کر سکتے ہیں۔ پروگرام میں میزبان وزیر سید سردار شاہ، وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی نایاب لغاری، سیکریٹری کالج ایجوکیشن احمد بخش ناریجو، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن اکبر لغاری و دیگر نے شرکت کی۔ مزید برآں ڈیف ریچ اسکول میں اسناد کی تقسیم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے نجی شعبے پر زور دیا کہ وہ بھی اپنے دروازے خصوصی افراد کے لیے کھولیں، سندھ میںایک لاکھ خصوصی بچے موجود ہیں، جن کا اسکولوں میں اندراج کرانا ہے۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں