محدود وسائل میں متاثرین سیلاب کی بھرپور مدد کررہے، گورنر
کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے گورنر ہاؤس میں نیشنل فورم برائے ماحولیات و صحت کے زیر انتظام سی ایس آر سمٹ کانفرنس اور ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے ۔۔
کہ موجودہ حکومت اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے متاثرین سیلا ب کی بھرپور مدد کررہی ہے، تجارتی اور نجی فلاحی اداروں کو غریب افراد کی مدد کے لئے مزید متحرک انداز میں کام کرنے کی ضرورت ہے، اس ضمن میں حکومت تجارتی اور فلاحی اداروں کو بھرپور معاونت فراہم کررہی ہے، میں بحیثیت گورنر سندھ تجارتی اداروں، فلاحی اداروں اور انسداد غربت پروگرامز کو ہر ممکن مدد ، تعاون اور معاونت فراہم کرتارہوں گا۔ کامران خان ٹیسوری نے مزید کہا کہ کراچی کلین اینڈ گرین پروگرام شہر کے لئے انتہائی شاندار ثابت ہورہا ہے۔ تقریب میں سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ، الخدمت، تجارتی رہنماؤں نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں گورنر سندھ سے نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے پانچ رکنی وفد نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی معاشی ترقی کے لئے اعلیٰ تعلیم کی اہمیت، اس ضمن میں جامعات کے کردار، مختلف شعبوں میں تحقیق کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد میں انیس ایچ یونس، ماریہ قادری، عبیرہ عاطف، مہتاب احمد اور جنید فیضی شامل تھے۔