جھڈو میں بیمار اور لاغر جانوروں کا گوشت کھلے عام فروخت

جھڈو،کنری (نمائندگان دنیا) جھڈو میں میں طویل عرصے سے بیمار اور نیم مردہ جانوروں کے گوشت کی فروخت جاری ہے جس میں بڑے اورچھوٹے دونوں قسم کے بوڑھے وبیمار جانوروں کا گوشت فروخت کیا جارہا ہے ۔
ڈیڑھ سے دو لاکھ روپے والی لاعلاج بھینس پندرہ سے بیس ہزار روپے میں اور بیس سے پچیس ہزار روپے والی بکری تین سے چار ہزار روپے میں قصائی خرید لیتے ہیں جن کا گوشت شہریوں کو فروخت کیا جارہا ہے ۔ اس وقت شہر میں بکرے کا گوشت 12 سو روپے اور بڑے جانور کا گوشت 6 سو روپے کلو فروخت ہورہا ہے جبکہ شہر کا ریلوے گراؤنڈ بازار انتہائی غیرمعیاری گوشت کی فروخت کا خاص مرکز بنا ہواہے جس کے استعمال سے لوگوں میں مہلک امراض جنم لے رہے ہیں۔ شہر میں جگہ جگہ گوشت کی دکانیں کھلی ہوئی ہیں لیکن کسی پاس گوشت فروخت کرنے کا لائسنس نہیں اس کے باوجود شہری اور ٹاؤن انتظامیہ ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کررہی جبکہ وٹرنری ڈاکٹر بھی اپنی ذمہ داری پوری نہیں کررہے اور مبینہ طور پر ایک ٹاؤن ملازم گوشت کی دکانوں پر جاکر پیسوں کے عوض غیر معیاری گوشت پر سب ٹھیک ہے کی مہر لگادیتا ہے۔ کنری سے نمائندے کے مطابق کنری کی یوسی بوسٹاں کے گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول لدھو مل میگھواڑ کی عمارت زبوں حالی کے باعث کھنڈر کا منظر پیش کر رہی ہے ۔ سریا گل جانے کیوجہ سے چھت میں بڑے بڑے شگاف اور دراڑیں پڑ چکی ہیں، فرش کی ٹائلیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ۔اسکول میں چھ سو طلبا زیرتعلیم ہیں جو عمارت کسی بھی لمحے منہدم ہونے کے خوف سے کھلے آسمان تلے تعلیم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں ،اسکول میں زیر تعلیم بچوں کے والدین نے وزیر اعلی ،صوبائی وزیر تعلیم ودیگر اعلی حکام سے اسکول کی عمارت کی مرمت اور فرنیچر کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔
مضر صحت گوشت