نواب شاہ میں ٹرانسپورٹروں کا کرائے کم کرنے سے انکار

نواب شاہ میں ٹرانسپورٹروں کا کرائے کم کرنے سے انکار

نواب شاہ،اندرون سندھ(نمائندگان دُنیا) سندھ حکومت کی ٹرانسپورٹروں کو کرایوں میں کمی کی ہدایت بھی کام نہ آسکی۔

پٹرولیم مصنوعات میں واضح کمی کے باوجود ٹرانسپورٹروں نے حکومتی حکم ہوا میں اڑ دیا جسکے باعث ہوشربا مہنگائی کے مارے عوام کو پٹرولیم مصنوعات اور ایل پی جی کی قیمتوں میں واضح کمی کے باوجود ریلیف نہیں مل سکا ۔نواب شاہ سے کراچی اور اندرون سندھ چلنے والی مسافروں گاڑیوں کے مالکان نے ٹرانسپورٹ کرایوں میں کوئی کمی نہیں کی اورمن مانے کرائے وصول کیے جا رہے ہیں ،شہریوں نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹرانسپورٹ مافیا کے خلاف کارروائی کرکے عوام کو ریلیف دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ حیدرآباد کی تحصیل لطیف آباد کے علاقے امریکن کوارٹرزکے گلشن حالی روڈسے گزرنے والی زیر زمین سیوریج لائن واسا انتظامیہ کی بے حسی اور نااہلی کے باعث ناکارہ ہوگئی اور سیوریج لائن مستقل بند ہونے کے سبب گندا پانی اُبل کر سڑک پر جمع ہے اورکئی ماہ گزرجانے کے باوجود واسا کاعملہ سیوریج لائن درست کرنے میں ناکام رہا ہے ۔اس سڑک کے ساتھ ہی سرکاری و نجی اسکولوں سمیت علاقے کا سب سے بڑا مدرسۃ المدینہ بھی ہے جہاں جمع پانی سے گزرنے کے دوران اب تک کئی بچے گر کر زخمی ہوچکے ہیں،گندے پانی کی نکاسی نہ ہو نے کی وجہ سے اسکول میں بچوں کی حاضری بھی کم ہو گئی ہے لیکن واسا انتظامیہ کی جانب سے گندے پانی کی نکاسی سمیت سیوریج کی بند لائن کھولنے کیلئے اقدامات نہیں کئے جارہے ۔ امریکن کوارٹرز کے مکینوں نے گورنر و وزیر اعلیٰ اور وزیر بلدیات سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے سربراہان سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔ کنری سے نمائندے کے مطابق ٹاؤن کمیٹی کنری کی انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ سال پانی کے بلوں میں ڈیڑھ سو فیصد اضافہ کرنے کے باوجود شہریوں کو روزانہ کی بنیاد پر پانی فراہم نہیں کیا جارہا ،کنری کی دو واٹر سپلائی اسکیموں فیز ون اور فیز ٹو سے شہر اور اس کے مضافات میں چند ماہ سے ایک دن چھوڑ کر پانی فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ کم پریشر کی وجہ سے کئی علاقوں میں پانی نہیں پہنچ پاتا جس کے باعث وہاں کے مکین سخت گرمی میں پانی کی بوند بوند کے لئے ترس رہے ہیں اور مہنگے داموں پانی خرید کر استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ شہریوں نے وزیر اعلی ،وزیر بلدیات سمیت دیگر اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا نوٹس لیکر شہریوں کو پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں