ناردرن بائی پاس سمیت دیگر مویشی منڈیوں کیلئے ہنگامی پلان تیار کرنے کی ہدایت

ناردرن  بائی  پاس  سمیت  دیگر  مویشی  منڈیوں  کیلئے  ہنگامی  پلان  تیار  کرنے  کی  ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ناردرن بائی پاس سمیت صوبے میں باقاعدہ اجازت کے تحت قائم مویشی منڈیوں پر سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات پر مشتمل ہنگامی پلان کی ترتیب اور۔۔۔

 فوری عمل درآمد یقینی بنایا جائے، جس کے تحت سیکیورٹی کے مجموعی امور میں پاکستان رینجرز سندھ اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے ساتھ مربوط روابط اور امن وامان کی تمام تر صورتحال کو پیش نظر رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی اور ٹریفک کے ٹھوس اقدامات کے حوالے سے صرف منتخب یا مخصوص مقامات پر ہی مویشی منڈیوں کے قیام کے اقدامات کرائے جائیں اور غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف ہر سطح پر جملہ اقدامات کو موثر بنایا جائے۔ آئی جی سندھ نے مزید کہا کہ ناردرن بائی پاس مویشی منڈی جانے اور آنے والے تمام مرکزی راستوں، ذیلی راستوں سمیت اطراف کے علاقوں کا تھانوں کے لحاظ سے سروے کیا جائے اور جرائم سے ممکنہ طور پر متاثرہ علاقوں میں باقاعدہ سرویلنس اور نشاندہی کے تحت چھاپہ مار کارروائیوں کو کامیاب بنایا جائے، مویشیوں کو لیکر جانے والی گاڑیوں اور مویشیوں کے بیوپاریوں کی سیکیورٹی کے لئے ہائی ویز و دیگر شاہراہوں پر تھانوں کی سطح پر پیٹرولنگ، پکٹنگ اور رینڈم اسنیپ چیکنگ کو مزید سخت کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مویشی منڈیوں میں خریداروں اور بیوپاریوں کے تحفظ کے لئے عارضی پولیس پکٹس کے قیام کے علاوہ کار/ موٹر سائیکل پارکنگ لاٹس پر بھی حفاظتی اور ٹریفک کے جملہ اقدامات غیرمعمولی بنائے جائیں، علاوہ ازیں ریکی، نگرانی، سراغ رسانی سمیت بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ذمہ داریوں کو بھی کنٹی جنسی پلان کا حصہ بنایا جائے۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ مویشی منڈی کنٹی جنسی پلان کے تحت جملہ امور کی انجام دہی میں مصروف افسران اور جوانوں کے زونل و ضلعی وائرلیس بیسز، مددگار 15 سمیت متعلقہ تھانوں سے مسلسل رابطوں کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں قیام امن اور مختلف علاقوں میں ممکنہ مشکوک و مشتبہ سرگرمیوں و جرائم پیشہ عناصر کی سرویلنس و نگرانی کے ضمن میں سینٹرل پولیس آفس میں قائم مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے جاری ضروری ہدایات پر عمل درآمد جیسے اقدامات کو بھی کنٹی جنسی پلان کے تمام تر ضروری امور میں شامل کیا جائے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں