ٹرک کی ٹکرسے جامشورو یونیورسٹی کی طالبہ جاں بحق

میرپورخاص،اندرون سندھ(بیورو رپورٹ، نمائندگان دنیا) میرپورخاص جرواری شاخ کے قریب تیز رفتار ٹرک نے جامشورو یونیورسٹی میں زیر تعلیم بہن بھائی کو کچل ڈالا، جس کے باعث سیٹلایٹ ٹاؤن کی رہائشی 22 سالہ آنچل بھٹی جاں بحق ہوگئی جبکہ 32 سالہ بھائی اسد بھٹی شدید زخمی ہوگیا۔
بدنصیب بہن ،بھائی پیپر دینے کیلئے موٹرسائیکل پر حیدر آباد جارہے تھے۔ دوسری جانب ڈرائیور ٹرک چھوڑ کر فرار ہوگیا جب کہ مقامی پولیس نے ٹرک تحویل میں لیکر ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔ ٹنڈو آدم تعلقہ تھانے کی حدود بھٹ شاہ روڈ گوٹھ ملوک جونیجو اسٹاپ پر تیز رفتار چنگ چی اور موٹر سائیکل میں تصادم کے نتیجے میں گوٹھ شان قادر جونیجو کا رہائشی موٹرسائیکل سوار 35 سالہ ڈیوو ولد زیبو کولہی موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ چنگ چی ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت لاش کو تعلقہ اسپتال ٹنڈوآدم پہنچایاگیا۔ خانپور مہر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نادرا آفس انچارج زخمی ہوگئے ۔نادرا آفس انچارج قربان علی سوڈھڑو گاؤں شاہ محمد سوڈھڑو کے رہائشی ہیں اور وہ ڈیوٹی پر خانپورمہر جارہے تھے کہ خان گڑھ کے قریب گولیوں کانشانہ بن گئے۔ محراب پور میں نشے کے عادی شخص کی لاش برآمد ہوئی ۔پولیس ذرائع کے مطابق لاش سبزی منڈی کے قریب سے ملی ہے جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا،اسپتال میں لاش کی شناخت شاہد راجپوت کے نام سے ہوئی۔ جام شورو میں ریلوے اسٹیشن کے قریب یوتھ ہاسٹل کے مقام پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت ٹاؤن کمیٹی جامشورو کے کونسلر حاجی اللہ وارایو کے صاحبزادے محسن رضاطور پر ہوئی۔ سکھر کے علاقے ملٹری روڈ پر سٹی پوائنٹ کے قریب کار سوار وں کی فائرنگ سے راہگیر خاتون کائنات ابڑو گولی لگنے سے زخمی ہوگئی۔مقامی افراد نے زخمی خاتون کو نجی اسپتال منتقل کیا ۔