ایس بی سی اے کا عملہ غیر قانونی تعمیرات مسمار نہ کرسکا

ایس بی سی اے کا عملہ غیر قانونی تعمیرات مسمار نہ کرسکا

کراچی (اسٹاف رپورٹر )سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کیلئے عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرنا کڑا امتحان بن گیا۔ ایس بی سی اے کا ڈیمولوشن اسکواڈ ضلع وسطی ایف بی ایریا بلاک ون میں متعلقہ تھانہ سے نفری نہ ملنے کے باعث غیر قانونی تعمیرات مسمار کرنے میں ناکام ہوگیا۔ ایس بی سی اے حکام نے عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے کی ذمہ داری پولیس پر ڈال دی ۔

 ایس بی سی اے حکام کے مطابق عدالتی احکامات پر ضلع وسطی فیڈرل بی ایریا بلاک ون میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کیلئے 20نومبر کو آپریشن رکھا گیا تھا تاہم ایس بی سی اے کے ڈیمولوشن اسکواڈ کو آپریشن کیلئے شرف آباد تھانہ سے نفری نہ مل سکی جس کے باعث آپریشن مؤخر کردیا گیا۔ ترجمان ایس بی سی اے کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کے احکامات پر غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی سے آگاہ کرنے باوجود ایس ایچ او شرف آباد پولیس اسٹیشن جلیل عباسی نے نفری فراہم کرنے سے صاف انکار کردیا اور ایس بی سی اے کے عملے کو بھی تھانہ سے باہر نکال دیا ۔ ترجمان کے مطابق ایس ایچ او شرف آباد کا کہنا تھا کہ ڈی آئی جی اور ایس ایس پی کے احکامات کے بغیر ایس بی سی اے کے عملے کو نفری فراہم نہیں کی جاسکتی۔ ترجمان کے مطابق تمام تر صورتحال سے اعلیٰ حکام کو آگاہ کردیا گیا ہے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں