شہدائے کشمیر کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی،مولانا عبد الماجد

شہدائے کشمیر کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی،مولانا عبد الماجد

کراچی (این این آئی)شہدائے کشمیر کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، کشمیری عوام شہید مقبول بٹ کے لہو سے جلائی گی شمع آزادی کو روشن رکھیں گے اور ریاست مقبوضہ جموں و کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع کرکے دم لیں گے ۔

 ان خیالات کا اظہار صوبائی صدر پاکستان امن کونسل سندھ، مہتمم مدرسہ تعلیم القرآن، امام و خطیب جامع مسجد الخلیل بھٹائی آباد گلستان جوہر مولانا عبد الماجد فاروقی، مفتی محمد عدنان مدنی، مولانا محمد عکاشہ اور سماجی رہنما اسلم خان فاروقی نے تحریک آزادی کشمیر کے بہادر کشمیری رہنما شہید مقبول بٹ کے یوم شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 10 لاکھ سے زائد غیر قانونی و ناجائز قابض بھارتی فوج عالمی برادری کی خاموشی کا نتیجہ ہے ، عالمی برادری کو چا ہیے کہ مقبوضہ وادی میں سات دہائیوں سے غیر قانونی قابض بھارتی فوج کے خلاف آواز اٹھائے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو بنیادی حق دلوائے ۔ وادی میں قابض بھارتی فوج کے کشمیریوں پر مظالم عالمی برادری پر طمانچہ ہیں۔ادھرطلبا و اساتذہ سے خصوصی گفتگو میں شہید کشمیر رہنما مقبول بٹ سمیت ایک لاکھ سے زائد شہدائے کشمیر کے درجات کی بلندی کے لئے مفتی عدنان مدنی نے دعا بھی کی جبکہ شرکا نے گفتگو میں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھنے کا بھی عزم کیا۔مدرسہ کے طلبا و اساتذہ سے خصوصی گفتگو میں قاری محمد اسحاق چشتی، قاری محمد ندیم، قاری محمد زاہد و دیگر شامل تھے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں