جے یوآئی مدارس کے بچوں کو سڑکوں پر نہ لائے ،شہریار مہر

 جے یوآئی مدارس کے بچوں کو سڑکوں پر نہ لائے ،شہریار مہر

نوڈیرو(نمائندہ دنیا ) این اے 193شکارپور سے شہریارخان مہر اور پی ایس 8 تعلقہ خانپور سے کامیاب امیدوار عارف خان مہر شہدا کے مزار پر حاضری دینے کیلئے گڑھی خدابخش بھٹو پہنچ گئے ۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہاکہ جمعیت علمائے اسلام(ف)پیپلز پارٹی کی کامیابی کے بعد ہمارے خلاف مدرسوں کو استعمال کررہی ہے ، بچوں کو دینی تعلیم دینے کے بجائے سڑکوں پر نہ بیٹھایا جائے ۔عوام نے جے یوآئی کو مکمل طورپر مسترد کردیاہے ،یہ گھروں میں بیٹھ کر ہمارے مینڈیٹ کو قبول کریں۔ انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی بھرپور کوشش کررہی ہے کہ وفاق میں حکومت بنائے جس کیلئے آزاد اور دیگر پارٹیوں کیساتھ بات چیت جاری ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انکا کہناتھاکہ چاہے جنرل الیکشن ہوں یا بلدیاتی پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کے ووٹوں سے سندھ میں کامیاب ہوتی ہے ،مگر مخالفین نتائج آنے کے بعد ہمارے مینڈیٹ کے خلاف سڑکوں پر بیٹھ کر مدرسوں کے طلبا کو استعمال کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کے عمل سے عوام کو شدید تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے ،جس مقصد کے لیے یہ جماعت وجود میں لائی گئی تھی ،اسے اس مقصد پر کام کرنا چاہیے نہ کہ عوام کو تنگ کرنے کیلئے مدارس کے بچوں کو سڑکوں پر بیٹھائیں۔ان کا کہناتھاکہ جے یوآئی کے رہنما اور کارکن ہمارے مینڈیٹ کو قبول کرتے ہوئے گھروں میں بیٹھیں اور اگلے پانچ برس کا انتظار کریں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں