لاڑکانہ :طالبات کا کارنامہ ، چیٹ جی پی ٹی کے ذریعے میگزین تیار

لاڑکانہ :طالبات کا کارنامہ ، چیٹ جی پی ٹی کے ذریعے میگزین تیار

لاڑکانہ(بیورورپورٹ)لاڑکانہ ضلع میں پہلی بار نواحی گاؤں دھامراہ کے گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول کی طالبات نے چیٹ جی پی ٹی اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ذریعے مختلف موضوعات پر آرٹیکل اور مضامین لکھ کر میگزین کی شکل دیدی۔

شائع کردہ موہن جو دڑو میگزین کی رونمائی تقریب شہید بے نظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر نصرت شاہ کی زیر صدارت اسکول میں منعقد ہوئی ،جس میں سابق ایم این اے خورشید احمد جونیجو، زیبسٹ یونیورسٹی لاڑکانہ کیمپس کی ہیڈڈاکٹر زاہدہ ابڑو،اسکول ٹیچر اور داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اﷲ عباسی،اسکول کے مرد و خواتین اساتذہ، طالبات سمیت محکمہ تعلیم کے افسران اور مختلف مکتبہ فکر کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بے نظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر نصرت شاہ نے کہا کہ چیٹ جی پی ٹی اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے اس میگزین میں آرٹیکل اور مضامین لکھنے والی طالبات نے ثابت کیا کہ دنیا واقعی ان ہی کی مٹھی میں ہے جنہوں نے جنگل کو منگل بنادیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں نوجوان لیڈرز کی ضرورت ہے ، آپ وہ طالبات ہیں جنہوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے ، ہم  چیٹ جی پی ٹی اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر ورکشاپ منعقد کرنے جارہے تھے لیکن یہاں کی طالبات نے اسے عملی جامہ پہنا دیاہے ۔سابق ایم این اے خورشید احمد جونیجو نے کہا کہ ہر آدمی کو اپنے گھر سے بہتری کی شروعات کرنی چاہیے جس کے بعد ہی معاشرے میں بہتری ممکن ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں