وفاقی حکومت 5 سالہ آئینی مدت پوری کرے گی، نثار کھوڑو

وفاقی حکومت 5 سالہ آئینی مدت پوری کرے گی، نثار کھوڑو

لاڑکانہ (بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کے صدر مملکت بننے سے نئے این ایف سی ایوارڈ کے اجراکا راستہ ہموار ہوگا۔۔

 این ایف سی میں صوبوں کا حصہ بڑھانے سمیت 18ویں ترمیم کے تحت صوبائی خودمختاری کی بقیہ شقوں پر بھی عملدرآمد کیا جائے گا۔ ایک بیان میں انہوں نے آصف علی زرداری کو صدارتی امیدوار نامزد کئے جانے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی ہی ملک کو معاشی و سیاسی بحران سے نکال سکتے ہیں، وفاقی حکومت اپنی 5 سالہ آئینی مدت پوری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط صوبے مضبوط وفاق کی علامت ہیں، اس لیے صوبائی خود مختاری کے تحت صوبوں کو معاشی طور پر مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کنکرنٹ لسٹ کے خاتمے کے بعد جو وزارتیں وفاق سے صوبوں کو منتقل نہیں ہوئیں وہ صوبوں کو منتقل ہو جائیں گی ،ان وفاقی وزارتوں کے اخراجات صوبوں کو منتقل کرنے سے صوبے وسائل استعمال کرکے نچلی سطح پر بے روزگاری اور غربت میں کمی لا سکیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ 18ویں ترمیم اسی شکل میں رہے گی تاکہ ملک میں جمہوری و سیاسی استحکام پیدا اور جمہوریت مضبوط ہو۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی جماعت تنہا حکومت نہیں بنا سکتی کیونکہ وفاق میں کسی جماعت کو اکثریت نہیں ملی، اس لیے پیپلز پارٹی نے پارلیمنٹ اور اسمبلیوں کو وجود میں لانے کے لیے جمہوری کردار ادا کیا ہے تاکہ حکومت وجود میں آئے اور الیکشن میں جانے کی ضرورت نہ ہو، کیونکہ ملک دوبارہ انتخابات کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں