گھوٹکی:موٹروے ایم فائیو پر مبینہ پولیس مقابلے میں 3ڈاکو ہلاک

گھوٹکی:موٹروے ایم فائیو پر مبینہ پولیس مقابلے میں 3ڈاکو ہلاک

گھوٹکی ، میرپور ماتھیلو (نمائندگان دنیا) گھوٹکی کی تحصیل اوباڑو کے قریب موٹروے ایم فائیو کے مقام پر مبینہ پولیس مقابلے میں 3 ڈاکو ہلاک، جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔۔۔

 مقابلے میں دو ڈاکو زخمی بھی ہوئے ، جو اپنے ساتھیوں کے ہمراہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔پولیس نے ہلاک ڈاکوؤں سے اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ پولیس کے مطابق مسلح ملزمان موٹروے ایم فائیو کے مقام پر مسافروں کو اغوا کرنے اور ڈکیتی کی واردات کے ارادے سے کھڑے تھے ۔ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی تو پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 3 ڈاکو ہلاک ہوگئے ، جن کی شناخت قبول شر، علی مراد اور شاہ مراد تڑت کے ناموں سے ہوئی،ملزمان کے قبضے سے دو کلاشنکوفیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ وہ کلاشنکوفیں ہیں جو راونتی کچے کے علاقے میں شہید ہونے والے پولیس افسران سے لوٹی گئی تھیں۔ ملزمان کی لاشیں تحصیل اسپتال اوباڑو منتقل کردی گئیں، جبکہ زخمی پولیس اہلکار امین چاچڑ کو علاج کے لیے شیخ زید اسپتال رحیم یارخان منتقل کردیا گیا ہے ۔ ہلاک ہونے والے ڈاکو پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد کے قتل، زخمی کرنے ، قومی شاہراہ اور موٹر وے پر لوٹ مار ،اغوا، ڈکیتی سمیت دیگرسنگین نوعیت کے مقدمات میں مطلوب تھے ۔ہلاک ملزمان ڈی ایس پی اور بگٹی قبیلے کے نوجوان کی ہلاکت میں بھی ملوث تھے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں