زمینوں پر کنٹرول رکھنے والے تین اداروں میں تبادلوں کی تیاریاں

زمینوں  پر  کنٹرول  رکھنے  والے  تین  اداروں  میں  تبادلوں  کی  تیاریاں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کی زمینوں کا کنٹرول رکھنے والے تین اہم ترین اداروں کے ڈی اے ، ایم ڈی اے اور ایل ڈی اے میں بڑے پیمانے پر تبادلوں کی تیاری مکمل کرلی گئی۔۔۔

 پہلے مرحلے میں تینوں ڈیولپمنٹ اتھارٹیز میں سینئر افسران کو ڈائریکٹرز جنرل (ڈی جی) کے عہدے پر تعینات کیا جائے گا اس کے بعد زمینوں پر قبضوں کے خلاف آپریشن کیلئے ان اداروں کے متعلقہ ڈپارٹمنٹ کے سینئر ڈائریکٹرز کو تبدیل کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق نگراں حکومت کی مدت کی تکمیل کے بعد صوبے میں ایک بار پھر پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ قائم ہوگئی ہے کچھ روز میں محکمہ بلدیات کا قلمدان بھی کسی جیالے سینئر رہنما کے سپرد کردیا جائے گا ۔بتایا جاتا ہے کہ محکمہ بلدیات سندھ کے اعلیٰ حکام کو کراچی کے تین اہم ترین اداروں جس میں کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے ) ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے ) اور لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے ) شامل ہیں یہاں پر تعینات افسران کو ہٹاکر سینئر افسران کو تعینات کرنے کا گرین سگنل دے دیا گیا ہے ۔ اس حوالے سے افسران کے ناموں کو حتمی شکل دی جارہی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان تین ڈوپلمنٹ اتھارٹیز میں پہلے مرحلے کے دوران ڈائریکٹرز جنرلز تبدیل کیے جائینگے اس کے بعد زمینوں پر قبضوں کے خلاف موثر آپریشن کیلئے ان اداروں میں موجود اینٹی انکروچمنٹ سیل کو فعال بنانے کیلئے یہاں پر نئی ٹیمیں تعینات کی جائیں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ دس روز میں کے ڈی اے ، ایم ڈی اے اور ایل ڈی اے میں اکھاڑ پچھاڑ کا عمل مکمل کرلیا جائے گا، ماضی میں ان تینوں ڈپارٹمنٹ میں تعینات رہنے والے افسران کو ان محکموں میں واپس تعینات کرنے سے گزیں کرنے کی پالیسی ترتیب دی گئی ہے اس بار وہ سینئر افسران یہاں تعینات کیے جائینگے جنہوں نے دیگر محکموں میں بہترین کارکردگی دکھائی ہو جن کے کریڈیٹ پر صرف اور صرف کام ہو۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں