اسٹریٹ کرائمز میں اضافہ تشویشناک ، گورنر

اسٹریٹ  کرائمز  میں  اضافہ  تشویشناک ،  گورنر

کراچی(اے پی پی)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کراچی کمیونٹی پولیسنگ منصوبہ کے تحت شہر قائد کے 9 ویں کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا ڈیفنس پولیس اسٹیشن میں افتتاح کردیا۔جاری اعلامیہ کے مطابق اس سے قبل عزیز آباد،نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، ملیر سٹی ، سولجر بازار ، نیو سبزی منڈی ، نیپئر اورگزری کے تھانوں میں بھی کمانڈ اینڈ کنٹرول رومز قائم کئے جا چکے ہیں۔

ڈیفنس پولیس اسٹیشن پروجیکٹ کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں پر جدید ترین کیمرے نصب کئے جارہے ہیں جس سے جرائم کی واضح تصاویر اور ویڈیوز حاصل ہوسکیں گی۔گورنرسندھ نے کہا کہ یہ ایک اچھا اقدام ہے یہ شہر کے ہر تھانے میں ہونا چا ہیے ۔ انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ کرائمز میں اضافہ تشویشناک حد تک بڑھ چکا ہے اسے کنٹرول ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہونے والے رائیڈر علی رہبرجیسے واقعات افسوسناک ہیں۔ کراچی کمیونٹی پولیس کے سربراہ مراد سوہنی نے کہا کہ کمانڈ اینڈ کنڑول روم کے تحت جہاں جہاں کیمرے نصب کئے گئے ہیں وہاں پر جرائم کی شرح میں 40 سے 50 فیصد کمی واقع ہوئی ہے ۔اس سے قبل ڈیفنس کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے متعلق گورنر سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ڈیفنس کے 28کلومیٹر کے علاقہ میں 158 کیمرے نصب کئے گئے ہیں جبکہ شہر بھر میں مزید 8کمانڈ اینڈ کنٹرول رومز کا قیام جلد عمل میں لایا جائے گا، اس پروگرام کے تحت 2ہزار سے زائد کیمرے نصب کئے جارہے ہیں۔علاوہ ازیں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے یوم شہادت علی کے سلسلہ میں منعقدہ مجلس میں شرکت کی ۔گورنر نے جلوس کے منتظمین سے ملاقات کی، مجلس اور جلوس کی سکیورٹی کیلئے کئے گئے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ گورنر نے کہا کہ حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ کی پوری زندگی اسوہ رسولؐ کا عملی نمونہ ہے ، حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ نے ہمیشہ اسلام کی سربلندی کیلئے جدوجہد کی،آپ رضی اللہ تعالی عنہ خیبر سمیت ہر معرکہ میں سرخرو رہے ،21واں رمضان اسلامی تاریخ کا المناک ترین دن ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں